مسلم لیگ (ق) جہانگیر ترین کے سامنے گورنر پنجاب کے خلاف پھٹ پڑی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 نومبر 2018

 لاہور: مسلم لیگ (ق) کی اعلیٰ قیادت نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے گورنر پنجاب چوہدری سرور کی شکایت کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے جہانگیر ترین نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی اور طارق بشیر چیمہ سمیت مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ جس میں ملک کی سیاسی صورت حال، پنجاب حکومت کے معاملات اور دیگر اہم امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کو کنٹرول کیا جائے، وہ آپ کے وزیر اعلی کو نہیں چلنے دے رہا۔ اس بات پر چوہدری پرویز الہٰی بھی ہاں میں ہاں ملاتے رہے۔

اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پہلے رانا ثنا اللہ تھا اب حمزہ شہباز تنقید کرتا ہے، حمزہ شہباز مجھے اور عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتاہے، وہ پنجاب حکومت سے زیادہ مجھ پر تنقید کرتا اور عمران خان سے زیادہ مجھ پر حملے کرتا ہے۔

دوسری جانب چوہدری پرویز الہٰی نے پریس کانفرنس کے دوران وضاحت کی کہ چوہدری سرور کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، انہیں عمران خان نے تعینات کیا ہے، اتحادیوں میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں، طارق بشیر کو شکایت تھی کہ ان کے حلقے میں مداخلت ہوتی ہے،  پارٹی کی اندرونی میٹنگ میں گلے شکوے ہی ہوتے ہیں، گھر میں بیٹھ کر بھی گلے شکوے نہیں کریں گے تو پارٹی کیسے چلے گی، ہماری جماعت سینیٹ کے الیکشن کے حوالے سے تحریک انصاف کا ساتھ دے رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔