ترکی نے خاشقجی کے قتل کی آڈیو ریکارڈنگ سعودیہ سمیت عالمی قوتوں کو فراہم کردی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 نومبر 2018
ترک صدر نے آڈیو ریکارڈنگ امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کو بھی فراہم کیں (فوٹو: فائل)

ترک صدر نے آڈیو ریکارڈنگ امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کو بھی فراہم کیں (فوٹو: فائل)

 انقرہ: ترکی نے مقتول صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے دوران کی گئی گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ سعودیہ سمیت عالمی قوتوں کو فراہم کردی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر طیب اردگان نے استنبول کے سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے دوران ہونے والی گفتگو کی ریکارڈنگ سعودی عرب، امریکا، برطانیہ، جرمنی اور فرانس کو فراہم کردی ہے۔

ترک صدر طیب اردگان نے فرانس روانہ سے قبل صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے بتایا کہ  انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کی خواہش کے پیش نظر تمام عالمی قوتوں کو ریکارڈنگ فراہم کی ہے، بالخصوص سعودیہ عرب سے مثبت ردعمل کی توقع کرتے ہیں۔

ترک صدر نے ریکارڈنگ میں موجود گفتگو کی تفصیلات بتانے سے انکار کرتے ہوئے سعودی عرب سے صحافی کی لاش اور 18 مبینہ ملزمان کی حوالگی کے مطالبے کو دہرایا۔ میڈیا سے گفتگو کے بعد ترک صدر جنگ عظیم اول کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کے لیے فرانس روانہ ہوگئے۔

یہ پڑھیں: ترک پولیس نے جمال خاشقجی کی لاش کی تلاش ختم کردی

قبل ازیں مقتول صحافی کی لاش کے ٹکڑے کر کے تیزاب سے تحلیل کردینے کے شواہد مل جانے کے بعد ترک تفتیش کاروں نے صحافی کی لاش کی تلاش ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم صحافی کے قتل سے متعلق تحقیقات کو روکا نہیں جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔