عافیہ کی واپسی کیلیے کوئی سودے بازی نہیں کریں گے، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 نومبر 2018
عافیہ صدیقی کو واپس لانے کے لئے سفارتی سطح پر کوشش کر رہے ہیں، وزیرخارجہ۔ فوٹو: فائل

عافیہ صدیقی کو واپس لانے کے لئے سفارتی سطح پر کوشش کر رہے ہیں، وزیرخارجہ۔ فوٹو: فائل

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ وہ اپنے ملک واپس آئیں تاہم اس معاملے پر حکومت کوئی سودے بازی نہیں کرے گی۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سمیت پورے خطے میں امن کا خواہاں ہے، خصوصاً پاکستان میں امن افغانستان میں امن کے قیام سے مشروط ہے اس لیے ہم افغانستان میں امن و استحکام اور معاملے کا پر امن حل چاہتے ہیں، جس کے لیے خطے کی تمام قوتوں کو اکٹھا کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، ہم افغانستان میں بہتری کے لیے ہر اقدام کی تائید کریں گے۔

یہ پڑھیں: امریکا کی عافیہ صدیقی کے معاملے پر غور کی یقین دہانی

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ وہ جلد پاکستان واپس آئیں اور اپنی بقیہ سزا اپنے ملک میں پوری کریں تاکہ ان کے خاندان والوں کو بھی سکون حاصل ہو، ہم عافیہ صدیقی کو واپس لانے کے لیے سفارتی کوششیں کررہے ہیں، ان کی واپسی پر حکومت کوئی سودے بازی نہیں کرے گی، ریمنڈ ڈیوس اور ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی بات نہیں ہوئی۔

یہ  پڑھیں: ڈاکٹرعافیہ صدیقی کا وزیراعظم کوخط

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں مئی 2019ء میں انتخابات ہونے والے ہیں، اس لیے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے اور بھارتی فورسز کی جانب سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، آج بھی ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 4 بے گناہ شہری زخمی ہوگئے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔