طیاروں کیلیے خطرات میں اضافہ، ایک ماہ میں 74 واقعات رپورٹ

طالب فریدی  ہفتہ 10 نومبر 2018
سول ایوی ایشن کے مطابق دیگر نوعیت کے 9 مزید واقعات بھی رپورٹ ہوئے (فوٹو: فائل)

سول ایوی ایشن کے مطابق دیگر نوعیت کے 9 مزید واقعات بھی رپورٹ ہوئے (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: لاہور، کراچی، اسلام آباد، ملتان سمیت دیگر ائیرپورٹس پر آگ لگنے، جہازوں سے پرندہ ٹکرانے، ہنگامی لینڈنگ اور جہازوں پر لیزر لائٹس مارنے سمیت دیگر واقعات میں خوف ناک حد تک اضافہ ہوگیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں پاکستانی ایئرپورٹس سے آپریٹ ہونے والی پی آئی اے، ائیر بلو سمیت 6 ایئرلائنز کو 74 حادثات و واقعات پیش آئے۔

رپورٹ کے مطابق سیرین ایئر کو پانچ بار حادثات سے دوچار ہونا پڑا، اتحاد امارات اور سعودی ائیر لائنز سمیت دیگر غیر ملکی ائیر لائن کو 30 مرتبہ حادثاتی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے طیارہ کو حادثہ، مسافر معجزانہ طور پر محفوظ

پی آئی اے کو سب سے زیادہ 30 مرتبہ اور ائربلیو کو تین مرتبہ ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 16 واقعات پیش آئے جن میں سے غیر ملکی  ائیرلائنز اور پی آئی اے کو سات سات جب کہ شاہین اور ائیر بلیو کو ایک ایک بار ایسے واقعے کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  پاکستانی ائرپورٹس سے آپریٹ ہونے والی تین پروازوں کو 15 مرتبہ میڈیکل ایمرجنسی کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ غیر ملکی ائرلائن کو  سات مرتبہ اور پی آئی اے،  شاہین اور ائیر بلیو کو 8 بار میڈیکل ایمرجنسی کا سامنا ہوا جبکہ زمین سے طیاروں پر لیزر لائٹ مارنے کے کل 7 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں پانچ واقعات غیر ملکی ایئر لائن جبکہ ایک واقعہ سیرین ایئر اور ایک واقعہ ایئربلیو کے ساتھ پیش آیا۔

اسی طرح  طیاروں کے راستہ بھٹکنے کے چار واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ خراب موسم کے باعث طیاروں کا رخ موڑنے کے بھی چار واقعات رپورٹ ہوئے۔ جہازوں کے انجن جلنے، فلائٹ کنٹرول پرابلم اور لینڈنگ گئیر کے تینوں حادثے پی آئی اے کو پیش آئے جبکہ رن وے بلاک اور ٹیکنیکل لینڈنگ کا واحد واقعہ بھی پی آئی اے کو ہی پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق دیگر نوعیت کے 9 مزید واقعات بھی سامنے آئے، دوران پرواز انجن خراب ہونے کے دو واقعات رونما ہوئے، پی آئی اے کے طیارے کو ایک مرتبہ شدید خراب موسمی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ٹائر پھٹنے کا واحد واقعہ نجی ائرلائن کے ساتھ پیش آیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔