مصر میں بلیوں اور بھونرے کی چار ہزار سال قدیم حنوط شدہ لاشیں برآمد

ویب ڈیسک  اتوار 11 نومبر 2018
بلیوں اور بھونرے کی حنوط شدہ لاشیں 4 ہزار سال پرانی ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

بلیوں اور بھونرے کی حنوط شدہ لاشیں 4 ہزار سال پرانی ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

قاہرہ: مصر میں چار ہزار سال قبل حنوط کی گئی 3 بلیوں اور ایک بھونرے سمیت 7 لاشوں کی باقیات دریافت ہوئی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے جنوب میں سقارا سے 4 ہزار سال پرانی حنوط شدہ بلیوں اور بھونرے کی لاشیں ملی ہیں جب کہ ایک مقبرے سے کانسی سے بنا بلی کا مجسمہ بھی ملا ہے۔

مصر ۵

یہ مقبرہ ایک ناہموار چوٹی کے اندر واقع ہے اور ابھی کھدائی کا کام ابتدائی مراحل ہی میں تھا کہ یہ نادر لاشیں برآمد ہوئیں۔ جیسے جیسے کھدائی کا عمل جاری رہے گا ویسے ویسے مزید دریافتوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مصر ۴

سقارا میں قدیم باقیات کے مقام پر ایک مقبرہ بھی دیکھا گیا ہے جس کا دروازہ مقفل ہے، ماہرین آئندہ چند ہفتوں میں اس دروازے کو کھولنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں جس کے لیے دنیا بھر سے ماہرین کی ایک ٹیم کو طلب کیا گیا ہے۔

مصر ۲

مصر کے آثار قدیمہ کے ماہر مصطفیٰ وزیری کا کہنا ہے کہ کنگ اسرکاف کمپلیکس سے 7 حنوط شدہ باقیات ملی ہیں جن میں سے 3 بلیوں کی لاشیں ہیں اور ایک بھونرے کی ہے۔ بھونرے کی حنوط شدہ لاش ملنا غیر معمولی اور تاریخ ساز ہے کیوں کہ بھونرے کو قدیم مصری عقائد میں سورج دیوتا کی علامت قرار دیا جاتا تھا۔

مصر ۳

مصطفی وزیری کا مزید کہنا تھا کہ مصری تہذیب میں انسانوں کی لاشوں کو موت کے بعد ابدی زندگی دینے کے لیے حنوط کیا جاتا تھا تاہم جانوروں کی لاشوں کو حنوط کرنے کا مقصد مذہبی رسومات کی ادائیگی کرنا تھا۔ قدیم مصری بلیوں اور دیگر جانوروں کی موت کے بعد کی زندگی کو بہت اہمیت حاصل تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔