ویمنزورلڈ ٹی 20، بسمہ اور ندا کی ففٹیز رائیگاں

اسپورٹس ڈیسک  پير 12 نومبر 2018
فاتح الیون کی متھالی کے  56رنز، قومی ٹیم کل آئرلینڈ کیخلاف میدان سنبھالے گی

فاتح الیون کی متھالی کے  56رنز، قومی ٹیم کل آئرلینڈ کیخلاف میدان سنبھالے گی

پراویڈینس:  ویمنزورلڈ ٹوئنٹی 20 میں پاکستان کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا رہا، گرین شرٹس روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں بھی 7 وکٹ سے مات کھاگئیں، بسمہ معروف اور ندا ڈار کی نصف سنچریاں ٹیم کے کام نہیں  آسکیں۔

تفصیلات کے مطابق ویمنز ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن کے سامنے پاکستان کا اسکور 7 وکٹ پر 133رنز ناکافی ثابت ہوا، بلو شرٹس نے ہدف باآسانی 7 وکٹ کھوکر حاصل کرلیا، اوپنر متھالی راج 56 رنز بناکر نمایاں رہیں، سمرتی مندھانا 26اورجیمیما روڈریگوئز 16 رنز پر آؤٹ ہوگئیں۔

کپتان ہرمنپریت کور14 اور ویدا کرشنا مورتھی 8 پرناٹ آؤٹ رہیں ، ندا ڈار، بسمہ اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی، اس سے قبل ٹاس ہارنے والی گرین شرٹس کو پہلے بیٹنگ کا موقع ملا، اوپنر عائشہ ظفر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئیں، کپتان جویریہ خان نے 17رنز بناکر ہمت دکھائی، عمیمہ سہیل3 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئیں، ابتدائی 3 پلیئرز کے 30 پر میدان بدر ہوجانے کے بعد بسمہ اور معروف نے بھارتی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

ان کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 97 رنز کی ساجھے داری میں ٹوٹل 123 تک پہنچ گیا، تاہم اس موقع پر بسمہ 49 بالز پر 53 رنز بناکر پویلین رخصت ہوگئیں، ندا ڈار نے بھی جلد ہمت ہاردی، وہ 35 گیندوں پر 52 رنز بٹورنے میں کامیاب رہیں، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور2 سکسر شامل رہے، ان دونوں کے پویلین لوٹتے ہی بھارتی بولرز ایک بار پھر قومی ٹیم پر غالب آگئیں، عالیہ ریاض4 اور ثنا میر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئیں، ناہیدہ خان اور سدرہ نواز بغیر اسکور کے ناٹ آؤٹ رہیں، قومی ٹیم نے 7 وکٹ پر 133رنز اسکور کیے، پویم یادیو اورڈیالا ہیمالتا نے 2،2 پلیئرز کو آؤٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔