امریکا کا سعودی عرب سے خاشقجی قتل کے تمام کرداروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

ویب ڈیسک  پير 12 نومبر 2018
امریکی وزیرخارجہ نے سعودی ولی عہد سے صحافی کے قتل اور یمن کی صورت حال پر گفتگو کی۔ فوٹو : فائل

امریکی وزیرخارجہ نے سعودی ولی عہد سے صحافی کے قتل اور یمن کی صورت حال پر گفتگو کی۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کر کے جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہی حاصل کی اور یمن کے پُرامن تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو باور کرایا کہ امریکا صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہر شخص کو ذمہ دار ٹھہرائے گا اور سعودی عرب کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے۔ صحافی کی لاش سے متعلق حقائق سامنے لائے جائیں۔

مائیک پومپیو نے یمن میں جاری جنگ کے پُر امن حل کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے لیے فریقین کے درمیان ’ٹیبل ٹاک‘ ناگزیر ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں کے درمیان یمنی جنگ کے خاتمے اور اقوام متحدہ کے تعاون سے ہونے والے امن مذاکرات کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔