پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کی کانفرنس کا اختتام

ویب ڈیسک  پير 12 نومبر 2018
نیسٹ آئی او کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کانفرنس کا انعقاد تازہ ہوا کا جھونکا ہے (فوٹو: بشکریہ نیسٹ آئی اور فیس بک پیج)

نیسٹ آئی او کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کانفرنس کا انعقاد تازہ ہوا کا جھونکا ہے (فوٹو: بشکریہ نیسٹ آئی اور فیس بک پیج)

 کراچی: پاکستان میں اپنی نوعیت کی ایک دلچسپ اور انتہائی کامیاب کانفرنس منعقد ہوئی جس میں 30 سے زائد بین الاقوامی سرمایہ کاروں، اسٹارٹ اپ ماہرین، نالج اکانومی کے اساتذہ اور ٹیکنالوجی برائے کاروبار کے ماہرین نے شرکت کی جن سے پاکستانی طلبا و طالبات نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

اس کانفرنس کو ’021 ڈسرپٹ‘ کا نام دیا گیا تھا جو کراچی میں نیسٹ آئی او کے زیر اہتمام 10 اور 11 نومبر کو مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں 280 سے زائد کامیاب کمپنیوں کی نمائندگی تھی جس سے مقامی کمپنیوں کو ان کے تجربات سننے اور استفادے کے مواقع میسر آئے۔

یہ تمام کمپنیاں اسٹارٹ اپ  میں جدید ترین ٹیکنالوجی، بزنس اور انویسٹمنٹ کے پہلو رکھتی تھیں جس کے باعث پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور طلبا و طالبات کو ان کی کامیابی کے راز جاننے میں بہت مدد ملی۔ اس لحاظ سے پاکستان میں اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری لانے میں اس اہم کانفرنس نے کلیدی کردار ادا کیا۔

اس موقع پر بین الاقوامی وینچر کیپیٹل کمپنی گوبی پارٹنرز نے پاکستانی کمپنی ’سستا ٹکٹ‘ میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ گزشتہ برس نیسٹ آئی اور کی اسی کاوش کے تحت تین مقامی کمپنیوں موڈیولس ٹیک، اسمارٹ چوائس اور ڈریم نوڈ نے بھی سرمایہ کاری حاصل کی تھی۔

اس سال عربی زبان میں بچوں کی تعلیم پر مبنی موبائل ایپ ’لیمسا‘ نے اپنی ایپلی کیشن کو اردو زبان میں پاکستانی صارفین کے لیے متعارف کرانے کا اعلان کیا۔ اس وقت دنیا بھر میں لیمسا ایپ قیمتاً دستیاب ہے جس کے صارفین کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ ہے۔ اس کے علاوہ بہت سے نوجوانوں نے سرمایہ کاروں کے سامنے اپنے اپنے آئیڈیاز پیش کیے اور ان سے رہنمائی بھی حاصل کی۔

پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن (پاشا) کی صدر اور نیسٹ آئی او کی بانی جہاں آراء نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہا کرتے ہوئے کہا کہ 021 ڈسرپٹ کانفرنس نے پاکستان میں نئے کاروبار شروع کرنے والوں کے لیے نیٹ ورکنگ اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کیے جس سے پاکستانی کمپنیوں کو مقامی اور بین الاقوامی ماہرین سے استفادہ کا موقع ملا۔

اس کانفرنس میں دنیا بھر سے 600 سے زیادہ سرمایہ کار، ماہرین اور طالب علموں نے شرکت کی۔ پورے پاکستان سے تقریباً 300 نئی کمپنیوں نے اس کانفرنس میں حصہ لیا اور ان کمپنیوں کو جرمنی، امریکا، جاپان ، ملائیشیا اور متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں سے ملاقات کے مواقع حاصل کیے گئے۔

021 ڈسرپٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں تیزی سے بڑھتی ہوئی کامیاب کمپنیوں نے شرکت کی جن میں لیوما کیپٹل، ول حلا کیپٹل، وامڈا کیپٹل، مڈل ایسٹ وینچر پارٹر، آلٹر گلوبل، فاطمہ وینچرز، گوبی وینچرز، سرمایہ کار، لیکسن انویسٹمنٹ وینچر کیپیٹل نے شرکت کی اور یہ تمام کمپنیاں مجموعی طور پر ایک ارب امریکی ڈالر سرمایہ کاری کی استعداد رکھتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔