بھارت میں خاتون کے پیٹ سے ڈیڑھ کلو کیلیں، نٹ بولٹس اور سیفٹی پن برآمد

ویب ڈیسک  منگل 13 نومبر 2018
خاتون ذہنی مریضہ ہے جو کھانے پینے کی غیر معمولی عادت Acuphagia کا شکار ہے (فوٹو : بھارتی میڈیا)

خاتون ذہنی مریضہ ہے جو کھانے پینے کی غیر معمولی عادت Acuphagia کا شکار ہے (فوٹو : بھارتی میڈیا)

 ممبئی: بھارت میں ڈاکٹرز نے 40 سالہ خاتون کے معدے سے کیلیں، نٹ بولٹ، سیفٹی پن، چین، منگل سوتر اور بریسلیٹ نکالے ہیں جن کا مجموعی وزن ڈیڑھ کلو گرام ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹرا کی 40 سالہ خاتون سنگیتا کو پیٹ میں شدید درد کے سبب سول اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں ایکسرے کے بعد معدے میں دھاتی گچھے کا انکشاف ہوا۔ یہ گچھا دراصل مختلف چین، منگل سوتر اور کیلوں وغیرہ کے باعث بنا تھا۔

ڈاکٹرز نے مریضہ کے معدے کو صاف کیا تو اس میں سے ایک انچ لمبی کیلیں، نٹ بولٹس، سیفٹی پن، منگل سوتر، چین اور دیگر اشیاء نکلیں جن کا مجموعی وزن ڈیڑھ کلو گرام کے لگ بھگ ہے۔ ایک سیفٹی پن معدے کی دیوار میں پیوست ہوگئی تھی۔

سنگیتا ایک ذہنی مریضہ ہے جس کے اہل خانہ کی کوئی معلومات نہیں ہے اور وہ سڑکوں پر ہی رہتی تھی، لوگوں نے پکڑ کر ذہنی امراض کے اسپتال میں داخل کیا تھا جہاں پیٹ میں شدید درد کی شکایت کے باعث مریضہ کو سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے پینے کی عادات میں غیرمعمولی تبدیلی ذہنی مرض ہے، ایسے مریضوں میں تیز دھار دھاتی اشیاء جیسے پن، کیلیں وغیرہ نگلنے کا رجحان دیکھنے میں آتا ہے اس عادت بد کو Acuphagia  کا نام دیا گیا ہے۔ کھانے پینے کی ایسی عادات کے حامل افراد کو ماہر نفسیات سے رجوع کرنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔