واٹس ایپ کا ’اَن سیوو چیٹ‘ کو گوگل ڈرائیو سے ختم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 16 نومبر 2018
واٹس ایپ صارفین کے لیے گوگل ڈرائیو اس وقت انتہائی کار آمد ہے (فوٹو: فائل)

واٹس ایپ صارفین کے لیے گوگل ڈرائیو اس وقت انتہائی کار آمد ہے (فوٹو: فائل)

کیلیفورنیا: پیغام رسانی کی مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ نے تصدیق کی ہے کہ غیر محفوظ ( اَن سیوو) ڈیٹا کو گوگل ڈرائیو سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ڈیلیٹ کردیا جائے گا۔

واٹس ایپ اسمارٹ فونز کی سب سے اہم ایپلی کیشن تصور کی جاتی ہے جوکہ پیغام رسانی کے ساتھ ساتھ ملٹی میڈیا شیئرنگ کا آسان ذریعہ ہے، واٹس ایپ نے اگست میں اعلان کیا تھا کہ وہ  ’بیک اپ ڈیٹا‘ سے متعلق گوگل سے مل کر اہم تبدیلیاں کرنے والا ہے۔

اب واٹس ایپ نے تصدیق کی ہے کہ 12 نومبر سے ایپلی کیشن کے وہ  میسجز بشمول میڈیا جو ’سیو‘ نہیں کیے گئے انہیں گوگل ڈرائیو میں جگہ نہیں دی جائے گی اور سابقہ ’انَ سیوو‘ میسیجز کو اسٹوریج سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ڈیلیٹ کردیا جائے گا۔

واٹس ایپ صارفین کے لیے گوگل ڈرائیو اس وقت انتہائی کار آمد ہے اور موبائل فون ڈیوائس تبدیل ہونے کی صورت میں صارف گوگل ڈرائیو میں موجود واٹس ایپ ڈیٹا باآسانی استعمال کرسکتا ہے۔

اگر اب تک آپ نے گوگل ڈرائیو پر ڈیٹا محفوظ نہیں کیا تو اپیلی کیشن کی سیٹنگ میں جاکر چیٹ آپشن کا انتخاب کریں اور ’چیٹ بیک اپ ‘ آپشن پر کلک کریں۔ اس کے بعد ایک نیا صفحہ کھلے گا جس میں گوگل اکاؤنٹ سے متعلق پوچھا جائے گا اور صارف اپنی مرضی سے گوگل اکاؤنٹ کا انتخاب کرے گا۔

اس مرحلے کے بعد آخر میں صارف کو مختلف آپشنز دیے جائیں گے جس میں سے وہ ڈیٹا کے دورانیے کے حوالے سے انتخاب کرے گا، مثلاً  یومیہ، ہفتہ وار یا مہینے بھر کا ڈیٹا گوگل ڈرائیو میں محفوظ کیا جائے، صارف مرضی سے ایک آپشن کا انتخاب کرے گا جس کے بعد از خود ڈیٹا گوگل ڈرائیومیں محفوظ ہوتا رہے گا اور بیک اپ کے طور پر صارف جب چاہے اسے استعمال کرسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔