ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جوعوامی مسائل نچلی سطح پر حل کرسکے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 13 نومبر 2018
نئے بلدیاتی نظام میں عوام براہ راست احتساب کرسکیں گے، عمران خان (فوٹو: فائل)

نئے بلدیاتی نظام میں عوام براہ راست احتساب کرسکیں گے، عمران خان (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جو عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرسکے، نئے بلدیاتی نظام سے پیسے کا ضیاع اور کرپشن ختم ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نظام کے نفاذ سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک ، مشیر وزیراعظم محمد شہزاد ارباب، وزیر بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ خیبرپختونخوا شہرام خان ترکئی، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا، صوبائی وزیر قانون خیبر پختونخوا سلطان خان اور سینئر عہدے داروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام کی تنظیم پرغور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جو عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرسکے، نئے بلدیاتی نظام سے ترقیاتی منصوبوں پر پیسہ دیہات کی سطح پر خرچ ہوگا، عوام کو اپنی ترجیحات کے مطابق ہی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ممکن ہوسکے گی اور عوام کے اپنے نمائندے منتخب ہوکر فلاح و بہبود کا کام بہتر طریقے سے کرسکیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی منصوبوں کی ایسی قانون سازی ہوگی جس کا احتساب عوام براہ راست کرسکیں گے، ذاتی مفاد اور کرپشن کے خاتمے کے لیے نیا نظام معاون ثابت ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔