سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ کیلیے واہگہ بارڈر کا سیٹ بنانے کی تیاری

ویب ڈیسک  بدھ 14 نومبر 2018
فلم 2019ء میں عید کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی (فوٹو: فائل)

فلم 2019ء میں عید کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی (فوٹو: فائل)

 ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ کے لیے واہگہ بارڈر بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فلم نگری کے مقبول ترین اداکار سلمان خان ان دنوں بیک وقت ریئلٹی شو ’بگ باس‘ اور فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جسے مختلف شیڈول میں مکمل کیا جارہا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی ممبئی کا شیڈول مکمل ہونے کے بعد اداکار سمیت فلم کی پوری ٹیم صوبے پنجاب کے شہر لدھیانہ کے لیے روانہ ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق سلو میاں کی فلم کے لیے شہر لدھیانہ میں شوٹنگ کے شیڈول کی اصل وجہ واہگہ بارڈر کا نیا سیٹ ہے جسے اصل واہگہ بارڈر پر سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر شوٹنگ کی اجازت نہ ملنے کے باعث فلم میکرز کی جانب سے لدھیانہ شہر میں پورا سیٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ پڑھیں: سلمان خان کی فلم’’بھارت‘‘ کا ٹیزر آتے ہی چھا گیا

واضح رہے کہ علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’بھارت ‘ میں سلمان خان کے ہمراہ کینیڈین اداکارہ نورا فتیحی اور کترینہ کیف کے علاوہ دیشا پٹانی، تبو، سنیل گروور بھی شامل ہیں۔ یہ فلم 2019ء میں عید کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔