محکمہ ڈاک کی 27 شہروں میں ’’ سیم ڈے ڈیلیوری سروس‘‘ شروع

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 14 نومبر 2018
ہم لاجسٹکس اور ای کامرس کی طرف جا رہے ہیں، 13 ہزار پوسٹ آفسز کی ری برینڈنگ کر رہے ہیں، وزیر مملکت۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ہم لاجسٹکس اور ای کامرس کی طرف جا رہے ہیں، 13 ہزار پوسٹ آفسز کی ری برینڈنگ کر رہے ہیں، وزیر مملکت۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اسلام آباد: ملک کے 27 شہروں میں ’’سیم ڈے ڈیلیوری سروس‘‘ شروع، ایک ہی روز میں الیکٹرانک منی آرڈرکے ذریعے پاکستان پوسٹ 50 ہزار تک کی رقم شہریوں کی دہلیزتک پہنچانے کی سہولت بھی فراہم کریگا۔

وزیرمملکت مراد سعیدنے گزشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان پوسٹ کی سیم ڈے ڈیلیوری سروس اور الیکٹرانک منی آرڈرسروس لانچ کردی۔ اس موقع پرجی پی او اسلام آباد میں پر یس کانفرنس کر تے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کی سیم ڈے ڈیلیوری سروس فیصل آباد، گلگت، اسکردو، ایبٹ آباد، بہا ولپور، لاڑکانہ سمیت 27 شہروں میں شروع کردی گئی۔ سروس کے تحت اندرون شہراپنا پارسل ایک ہی روز میں ترسیل ہو سکے گا۔

مراد سعید نے کہا کہ پاکستان پوسٹ اس وقت 10 ارب روپے خسارے میں ہے، اس کو ٹھیک کیا جائے گا ، ہم پاکستان پوسٹ کو ڈیجٹلائزیشن کی طرف بھی لے کر جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ ایک بڑا ادارہ بننے جا رہا ہے۔ 93 جی پی او میں الیکٹرانک منی آرڈر شروع کر رہے ہیں۔ ہم نے ایک ہفتے میں پاکستان پوسٹ کا 58 ملین ریونیو بڑھایا، پاکستان پوسٹ کا خسارہ ختم کر دیں گے، ہم لاجسٹکس اور ای کامرس کی طرف جا رہے ہیں، 13 ہزار پوسٹ آفسزکی ری برینڈنگ کر رہے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔