ابھیشیک کا فلموں میں ایشوریا سے کم معاوضہ ملنے کا اعتراف

ویب ڈیسک  بدھ 14 نومبر 2018
جس اداکار کی جتنی زیادہ مانگ ہوگی اسے اسی حساب سے معاوضہ دیاجائے گا۔ ابھیشیک بچن فوٹوفائل

جس اداکار کی جتنی زیادہ مانگ ہوگی اسے اسی حساب سے معاوضہ دیاجائے گا۔ ابھیشیک بچن فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فلموں میں ان کی اہلیہ ایشوریا رائے بچن سے کم معاوضہ ملاہے۔

اداکار ابھیشیک بچن کا شمار بالی ووڈ کے اوسط درجے کے اداکاروں میں ہوتا ہے اور پچھلے دوسال سے ان کے پاس کوئی بڑا پروجیکٹ بھی نہیں ہے تاہم ان کی اہلیہ ایشوریارائے آج بھی فلمسازوں کی پہلی ترجیح ہوتی ہیں۔ ابھیشیک بچن نے حال ہی میں بالی ووڈ میں اداکار اور اداکاراؤں کو دئیے جانے والے معاوضے پر بات کرتے ہوئے کہا میں نے ایشوریا کے ساتھ 9 فلموں میں کام کیا ہے جن میں سے 8 فلموں میں انہیں مجھ سے زیادہ معاوضہ دیا گیا۔

ابھیشیک نے کہا کہ دپیکا پڈوکون بالی ووڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں یہاں بات اداکار اور اداکاراؤں کے درمیان معاوضے کے فرق کی نہیں بلکہ بزنس کی ہے جس اداکار کی جتنی زیادہ مانگ ہوگی اسے اسی حساب سے معاوضہ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن 8 سال بعد ایک بار پھر فلم ’گلاب جامن‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔