سری لنکن پارلیمنٹ میں صدر کے نامزد وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور

ویب ڈیسک  بدھ 14 نومبر 2018
صدر سری سینا کی مہندرا راجا پاکسے کو وزیراعظم بنانے کی تمام کوششیں دم توڑتی نظر آرہی ہیں۔ فوٹو : فائل

صدر سری سینا کی مہندرا راجا پاکسے کو وزیراعظم بنانے کی تمام کوششیں دم توڑتی نظر آرہی ہیں۔ فوٹو : فائل

کولمبو: سری لنکا کی اسمبلی نے صدر سری سینا کے حمایت یافتہ وزیراعظم مہندرا راجا پاکسے پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر بحال ہونے والی سری لنکا کی پارلیمنٹ نے صدر سری سینا کی جانب سے نامزد کیے گئے نئے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے کے خلاف تحریک عدم اعتماد کثرت رائے سے منظور کر لی ہے۔

نئے وزیراعظم راجا پاکسے کو صدر سری سینا نے گزشتہ ماہ نامزد کیا تھا، اسمبلی بحال ہونے کے بعد برطرف وزیراعظم کی جماعت نے تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی، پارلیمنٹ سے تحریک عدم اعتماد کی منظوری کے بعد راجا پاکسے کو مستعفی ہونا پڑے گا۔

گزشتہ ماہ 27 اکتوبر سے پیدا ہونے والے سیاسی بحران کے بعد یہ اسمبلی کا پہلا اجلاس تھا، قبل ازیں وزیراعظم وکرما سنگھے کی برطرفی کے بعد پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنے کے لیے صدر سری سینا نے پارلیمنٹ ہی تحلیل کردی تھی جسے سپریم کورٹ نے گزشتہ روز ہی بحال کیا تھا۔

تحریک عدم اعتماد کی منظوری کے بعد صدر سری سینا نئے وزیراعظم کو نامزد کریں گے جسے اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنا ہوگی تاہم اب تک سیاسی بحران کسی کروٹ بیٹھتا نظر نہیں آتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔