کشمیر پاکستان کو نہیں چاہیے ہم سے تو 4 صوبے نہیں سنبھالے جارہے، آفریدی

ویب ڈیسک  بدھ 14 نومبر 2018

 لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کو کشمیر نہیں چاہیے ہم سے تو اپنے 4 صوبے نہیں سنبھالے جاتے بعد ازاں غلطی کا احساس ہونے پر انہیں وضاحتی بیان جاری کرنا پڑ گیا۔

شاہد آفریدی کی لندن میں دیئے گئے انٹرویو کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں کشمیر کے حوالے سے وہ کہہ رہے ہیں کہ دنیا نے اسے ایک مسئلہ بنادیا ہے حالانکہ یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں کہتا ہوں کشمیر پاکستان کو نہیں چاہیے بھارت کو بھی نہ دو بلکہ یہ ایک ملک بنے،کم از کم انسانیت تو زندہ رہے،انسانیت بڑی چیز ہے، کہیں پر بھی انسان مرتا ہے تو تکلیف ہوتی ہے،پاکستان سے تو اپنے چار صوبے سنبھالے نہیں جارہے۔

بعد ازاں شاہد آفریدی نے ٹوئٹ کرکے اپنے بیان کی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرے انٹرویو اور ویڈیو کلپ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، میں ملک کے لیے جذباتی ہوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتا ہوں۔ انسانیت کا بول بالا اور کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے۔

آفریدی نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ میڈیا پر آنے والا ویڈیو کلپ نامکمل ہے اور سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے، میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ میرا بیان توڑ مروڑ کر چلایا جارہا ہے ، کشمیر ایک متنازعہ مسئلہ  ہے جس پر بھارت کا جابرانہ قبضہ ہے۔

سابق آل راؤنڈر نے لکھا کہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، مجھ سمیت تمام پاکستانی آزادیِ کشمیر کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں اور کشمیر پاکستان سے ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔