اسحاق ڈار کو برطانیہ سے معاہدے کے تحت لایا جائے گا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل

ویب ڈیسک  بدھ 14 نومبر 2018
اسحاق ڈار کی واپسی کے لئے برطانیہ کو خط لکھ دیا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل۔ :فوٹو:فائل

اسحاق ڈار کی واپسی کے لئے برطانیہ کو خط لکھ دیا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل۔ :فوٹو:فائل

 اسلام آباد: ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی کا کہنا ہے کہ برطانیہ کو اسحاق ڈار کی واپسی کے لیے خط لکھ دیا ہے، ان کی واپسی ملزمان کے تبادلے کے معائدے کے تحت ہو گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی پیش ہوئے۔

نیئر رضوی نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیرخزانہ کی وطن واپسی کے لئے برطانیہ کو خط لکھ دیا ہے، برطانیہ نے اسحاق ڈار کی واپسی کے حوالے سے سوالنامہ بھیجا ہے جو پاکستانی حکومت نیب کے حوالے کرے گی جب کہ اسحاق ڈار کی واپسی ملزمان کے تبادلے کے معاہدے کے تحت ہو گی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ اسحاق ڈار کہتے ہیں مجھے انصاف نہیں ملے گا اور جب انصاف ملے گا پاکستان آؤں گا، پتہ نہیں وہ کس قسم کا انصاف چاہتے ہیں، ان کی بیماری کا مسئلہ کم ہی لگتا ہے۔

عدالت نے اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔