دہشتگردوں کیخلاف کارروائی حکومتی ذمے داری ہے ساجد نقوی

شفاف الیکشن کبھی نہیں ہوئے مگرجمہوریت کو چلنے دیاجائے، کراچی میں امن قائم ہو سکتا ہے


Numainda Express June 25, 2013
شیعہ علماکونسل کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ فوٹو: شاہد علی / ایکسپریس

شیعہ علماکونسل کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے امن وامان کے قیام اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلیے حکومت کو تعاون کی پیشکش کی ہے لیکن ساتھ ہی واضح کیا ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلیے جوبھی راستہ اختیار کیا جائے وہ آئین وقانون کے مطابق ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گلستان سجاد میں مدرسہ قائم آل عصر کے افتتاح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کونسل سندھ کے صدر علامہ محمد باقر نجفی، جنرل سیکریٹری علامہ سید ناصر عباس تقوی، مولانا کرم علی حیدری اور ضلعی جنرل سیکریٹری مصطفیٰ حیدری بھی موجود تھے۔ علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ نئی وفاقی اور صوبوں میں نئی حکومتیں قائم ہونے کے باوجود دہشت گردی کی کارروائیوں میں معصوم لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے، لوگوں کا بنیادی حق ہے کہ انھیں حقائق سے آگاہ کیاجائے، دہشتگردوں کو قانون کے کٹہرے میں لانا حکومت کی ذمے داری ہے۔



انھوں نے کہاکہ تمام سیاسی قوتیں اس بات پر متفق ہیں کہ جمہوریت کو چلنے دیاجائے کیونکہ پاکستان میں کبھی بھی شفاف الیکشن نہیں ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم حکومت کو ملک میں قیام امن اور لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کیلیے تعاون کی پیشکش کرتے ہیں، ملک میں شیعہ سنی فرقہ وارانہ فسادات کیلیے کچھ لوگوں کو استعمال کیاگیا، کچھ روز قبل خطبات جمعہ کمیشن کا اجلاس منعقد کیا تھا اور اب عنقریب ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس بلاکر اس کے نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ کراچی کے حالات کی بہتری کے لیے نئی حکومت کو اپنا پاور استعمال کرنا چاہیے، کراچی ملک سے جدا نہیں ہے لیکن کراچی میں ایک عرصے سے آئین پر عمل درآمد نہیں کیاجارہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں