طاہرداوڑ کا قتل اورافغان حکام کا رویہ کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، ترجمان پاک فوج

ویب ڈیسک  جمعرات 15 نومبر 2018
صورتحال افغانستان میں دہشت گرد تنظیم سے بڑھ کر ملوث ہونے کا اشارہ دیتی ہے، میجر جنرل آصف غفور فوٹو: فائل

صورتحال افغانستان میں دہشت گرد تنظیم سے بڑھ کر ملوث ہونے کا اشارہ دیتی ہے، میجر جنرل آصف غفور فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ایس پی طاہر داوڑ کا اغوا، قتل اور اس کے بعد افغان حکام کا رویہ کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایس پی طاہر داوڑ کا افغانستان میں بہیمانہ قتل انتہائی قابل مذمت ہے، ہم ایک بہادر پولیس افسر سے محروم ہوگئے ہیں۔ ان کا اغوا، افغانستان منتقلی، قتل اور اس کے بعد افغان حکام کا رویہ کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ یہ صورتحال افغانستان میں دہشت گرد تنظیم سے بڑھ کر ملوث ہونے کا اشارہ دیتی ہے۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام کی جانب سے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، ہم ایک مرتبہ پھر اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ افغان سیکیورٹی فورسز سرحدوں پر باڑ لگانے اور دو طرفہ بارڈر سیکیورٹی میں تعاون کریں تاکہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو روکا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔