پاکستان اور چین کا گوادر منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق

ویب ڈیسک  جمعرات 15 نومبر 2018
وزیر اعظم کے دورۂ چین کے دوران سوشیو اکنامک سیکٹر میں تعاون پر ورکنگ گروپ کے لیے ایم او یو منظور (فوٹو: فائل)

وزیر اعظم کے دورۂ چین کے دوران سوشیو اکنامک سیکٹر میں تعاون پر ورکنگ گروپ کے لیے ایم او یو منظور (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: سی پیک سے متعلق پاک چین جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دونوں جانب سے گوادر منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے لیے ان کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں سی پیک سے متعلق بنے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکریٹری منصوبہ بندی ظفر حسن اور چین کے ڈی جی این ڈی آر سی نے مشترکہ طور پر کی۔

سیکریٹری منصوبہ بندی ظفر حسن نے کہا کہ گوادر کی ڈویلپمنٹ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، گوادر سی پیک میں چین اور پاکستان کے درمیان گیٹ وے ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں متعین کرے گا۔ سیکریٹری منصوبہ بندی نے گوادر فری زون، سٹی ماسٹر پلان، ایسٹ بے ایکسپریس وے کی کارکردگی پر حکام کو سراہا اور گوادر پورٹ کی ڈویلپمنٹ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں وزیر اعظم کے دورۂ چین کے دوران سوشیو اکنامک سیکٹر میں تعاون پر ورکنگ گروپ کے لیے ایم او یو منظور کیا گیا جب کہ چین اور پاکستان دونوں اطراف سے گوادر منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔