وزیراعظم کا حوالہ اور ہنڈی کا دھندہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

ویب ڈیسک  جمعرات 15 نومبر 2018
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حوالہ  اور ہنڈی کے خاتمے کے لیے خصوصی اجلاس ہوا، فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حوالہ اور ہنڈی کے خاتمے کے لیے خصوصی اجلاس ہوا، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایف آئی اے کو ملک بھر میں حوالہ، ہنڈی کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کاحکم دیدیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حوالہ  اور ہنڈی کے خاتمے کے لیے ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) کے حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم  نےایف آئی اے کو  حکم دیا کہ ملک بھر میں حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف بھرپور اور منظم کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم کے حکم پر عملدرآمد کے لیے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر ز کی جانب سے تمام زونز کے ڈائریکٹرز کو فوری کریک ڈاؤن کی احکامات جاری کردیئے گئے۔

ایف آئی اے نے کریک ڈاؤن میں ملازمین کی بجائے ہنڈی کا اصل دہندہ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔اس ضمن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے نے زونل ڈائریکٹرز کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ روزانہ ہر زون پانچ چھاپے مارے اور جامع رپورٹ جمع کرائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ڈی جی ایف آئی اے نے جمعہ کو زونل ڈائریکٹرز کا خصوصی اجلاس بلا لیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔