جاوید میانداد نے بورڈ میں کوئی عہدہ پانے کا تاثر مسترد کر دیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 16 نومبر 2018
پیشکش ہوئی نہ کسی ذمہ داری کی خواہش ہے،چیئرمین سے ملاقات کے بعد گفتگو۔ فوٹو: فائل

پیشکش ہوئی نہ کسی ذمہ داری کی خواہش ہے،چیئرمین سے ملاقات کے بعد گفتگو۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  جاوید میانداد نے پی سی بی میں کوئی عہدہ پانے کا تاثر مسترد کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ احسان مانی سے کرکٹ امور پر بہت خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی،انھوں نے قومی کرکٹ کی ترقی کے حوالے سے مشاورت کی۔سابق کپتان نے کہا کہ مجھے بورڈ میں کوئی ذمہ داری سونپی جا رہی نہ ہی کوئی پیشکش کی گئی ہے،میں جہاں ہوں بہت خوش ہوں۔

ورلڈکپ کیلیے سرفراز احمد کو کپتان برقرار کھنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کو اپنے مستقبل کا علم نہیں ہوتا، سرفراز اپنی پرفارمنس کو مزید بہتر کریں، اس وقت بطور کپتان وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انھیں یہ سلسلہ برقرار رکھنا ہوگا،اگرایسا ہو تو ان کو کوئی فکر کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔

جاوید میانداد نے کہا کہ میں پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے لیے دعا گو ہوں لیکن اگرچیئرمین محسن حسن خان نے کوئی نامناسب بات کی تو بورڈ کو ایکشن لینا چاہیے،پی سی بی سب سے طاقتور ہے۔

پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز پر سابق کپتان نے کہا کہ میں کامیابی کے لیے بہت پُرامید ہوں، یو اے ای کی وکٹیں پاکستانی ٹیم کے لیے ہمیشہ ساز گار رہی ہیں لیکن ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے،میزبان ٹیم کے پاس اچھے اسپنرز موجود اور امید ہے کہ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔