عمران خان کو خصوصی ایجنڈے کی تکمیل کیلیے مسلط کیا گیا، فضل الرحمٰن

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  جمعـء 16 نومبر 2018
حکمران پاکستان کو سیکولر بنانا چاہتے ہیں، حافظ ادریس، ساجد میر، اویس نورانی، غفور حیدری، میاں مقصود، فرید پراچہ و دیگر کا خطاب۔ فوٹو: آن لائن

حکمران پاکستان کو سیکولر بنانا چاہتے ہیں، حافظ ادریس، ساجد میر، اویس نورانی، غفور حیدری، میاں مقصود، فرید پراچہ و دیگر کا خطاب۔ فوٹو: آن لائن

 لاہور: متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کو خصوصی ایجنڈے کی تکمیل کیلیے پاکستان پر مسلط کیا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے متحدہ مجلس عمل، ملی یکجہتی کونسل اور دیگر مذہبی جماعتوں کے زیراہتمام لاہور میں مال روڈ پر تحفظ ناموس رسالت ﷺ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت آئین پاکستان سے اسلامی دفعات ختم کرنے اور توہین رسالت کے قانون کو بدلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ دینی مدارس پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، ہم دینی مدارس کی حفاظت کریں گے۔

متحدہ مجلس عمل کے صدر نے اعلان کیا کہ25نومبر کو ملین مارچ کا اگلا پڑاؤ سکھرمیں ہوگا۔

قائم مقام امیر جماعت اسلامی حافظ ادریس نے کہا کہ پاکستان کی شناخت لاالہ الااللہ سے ہے ۔ سربراہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ساجد میر نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی قبول نہیں۔

شاہ احمد اویس نورانی نے کہا کہ اسرائیلی طیارے کی لینڈنگ حکمرانوں کے میکے اور سسرال کا معاملہ ہے، حکمران مشرف کے انجام سے سبق سیکھیں، ملک میں جمہوری نظام نہیں بلکہ مارشل لا پلس ہے، میڈیا کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے، سی پیک کو برباد کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔