بھارت میں سمندری طوفان سے ہلاکتیں 33 ہوگئیں

ویب ڈیسک  پير 19 نومبر 2018
طوفان کی آمد سے قبل ہی 80 ہزار افراد کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

طوفان کی آمد سے قبل ہی 80 ہزار افراد کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

چینائی: بھارتی ریاست تمل ناڈو میں سمندری طوفان ’گاجا‘ کی زد میں آکر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 16 نومبر کو جنوبی بھارت کے ساحلی علاقے میں آنے والے ہولناک سمندری طوفان ’گاجا‘ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہے اور تاحال رہائشی علاقوں میں پانی کھڑا ہے۔

120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے جھکڑ کی لپیٹ میں آ کر بتدائی طور پر 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے تاہم اب یہ تعداد بڑھتے ہوئے 33 تک جا پہنچی ہے، 10 سے زائد زخمیوں کی حالت تاحال نازک ہے۔

طوفان کی آمد سے قبل ریاست تمل ناڈو کی ساحلی پٹی سے 80 ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا تھا۔ طوفان کے باعث بے شمار درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو کر رہ گئی۔

ریاست تمل ناڈو کے 6 اضلاع میں 471 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پلانی سوامی نے ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کے لیے 10 لاکھ روپے کی امدادی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے گرے درخت، ہورڈنگز اور کھمبوں کو اُٹھا کر شاہراؤں کو کلیئر کروا کر ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔