چیف جسٹس نے گلگت بلتستان کے وزیرکا ایئرپورٹ حکام سے بدتمیزی کا نوٹس لے لیا

ویب ڈیسک  جمعـء 16 نومبر 2018
چیف جسٹس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فریقین کو کل طلب کر لیا ہے:فوٹو:ایکسپریس/ اسنیپ شارٹ

چیف جسٹس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فریقین کو کل طلب کر لیا ہے:فوٹو:ایکسپریس/ اسنیپ شارٹ

 لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر گلگت بلتستان کے وزیر فدا محمد کی جانب سے حکام کو دھکے دینے کا نوٹس لے لیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گزشتہ روز اسلام آباد ایئر پورٹ پر گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا محمد فدا کی جانب سے حکام کے ساتھ بدتمیزی اور انہیں دھکے دینے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ چیف جسٹس نے گلگت بلتستان کے وزیر فدا محمد خان اور پی آئی اے حکام کو کل لاہور رجسٹری پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

دوسری جانب  گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پہلے گلگت بلتستان کے وزراء کے ساتھ بدتمیزی کی گئی، وزیرسیاحت فدا خان کو عملے نے جھوٹ بول کر جذباتی کیا، معاملہ رفع دفع ہوگیا ہے اور اگر وزرا کے رویئے سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ائیر پورٹ پر موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ تاخیر کا شکار ہوئی تو صوبائی وزیر فدا حسین آگ بگولہ ہوگئے اور شفٹ انچارچ سے بدتمیزی کی اور دھکے دیئے تھے۔ صوبائی وزیر کی جانب سے کی جانے والی بدتمیزی کی ویڈیو ایئر پورٹ پر موجود کسی نامعلوم شخص نے اپنے موبائل فون کیمرے میں عکس بند کرلی تھی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئی اور الیکٹرونک میڈیا کے ذریعے یہ خبر پورے ملک میں پھیل گئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔