شمالی کوریا کا ’ہائی ٹیک ٹیکٹیکل‘ ہتھیاروں کا کامیاب تجربہ

ویب ڈیسک  جمعـء 16 نومبر 2018
کم جونگ ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کے دوران فوجی افسران سے بریفنگ لیتے ہوئے (فوٹو : شمالی کوریا میڈیا)

کم جونگ ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کے دوران فوجی افسران سے بریفنگ لیتے ہوئے (فوٹو : شمالی کوریا میڈیا)

پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس خود کار ہتھیاروں کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے صدر کم جونگ اُن کی موجودگی میں ’ہائی ٹیک ٹیکٹیکل‘ ہتھیاروں کے کامیاب تجربہ کیا ہے تاہم اس حوالے سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن کی سربراہی میں ہونے والی اس خصوصی تقریب میں سائنس دانوں، اعلیٰ فوجی حکام، وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی اور کامیاب تجربے پر ایک دوسرے سے گلے ملے۔

شمالی کوریا کے سرکاری چینل نے اس اہم تقریب کا احوال نشر تو کیا تاہم ہتھیاروں کی نوعیت اور تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے جس سے ان ہتھیاروں کے جوہری ہونے سے متعلق شکوک و شبہات میں اضافہ ہوا ہے۔

شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے سربراہان کے درمیان سلسلہ وار ملاقاتوں اور کم جونگ اُن کی امریکی صدر سے تاریخی ملاقات میں ایٹمی ہتھیاروں سے سبک دوشی کے معاہدے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب شمالی کوریا نے جدید ترین ہتھیاروں کا تجربہ کیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی اس ’ مبہم مہم جوئی‘ کا مقصد امریکا کو دباؤ میں لینا بھی ہوسکتا ہے اور عین ممکن ہے کہ کم جونگ اُن امریکا سے نرمی کے حصول کے لیے یہ سب کچھ کر رہے ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔