دلہن نے شادی کے دوران دلہا کے پچھلے معاشقے کے پیغامات پڑھ کرسنا دیئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 نومبر 2018
شادی سے ایک دن قبل نامعلوم خاتون نے دلہن سے رابطہ کیا اور انہیں تصاویر اور پیغامات ارسال کردیے (فوٹو: فائل)

شادی سے ایک دن قبل نامعلوم خاتون نے دلہن سے رابطہ کیا اور انہیں تصاویر اور پیغامات ارسال کردیے (فوٹو: فائل)

آسٹریلیا: کسی لڑکی کے لیے شادی کا دن زندگی کے اہم ترین دنوں میں سے ایک ہوتا ہے لیکن شادی کی تقریب میں ایک دل جلی دلہن نے دلہا کے دوسری عورت سے روابط کے وہ ٹیکسٹ پڑھ کر سنا دیے جو اس عورت نے شادی سے ایک روز قبل دلہن کو ارسال کیے تھے۔

خواتین کے مختلف معاملات پر مضامین شائع کرنے والی ایک ویب سائٹ ’وھم‘ کے مطابق دلہن نے بتایا کہ شادی سے ایک رات قبل نامعلوم نمبر سے اسے کئی ایس ایم ایس موصول ہوئے جس میں ایک عورت نے انتقاماً اپنے اور اس کے عنقریب ہونے والے شوہر کے پیغامات شیئر کیے تھے یہ پیغامات دونوں نے اپنے دیرینہ تعلقات کے دوران ایک دوسرے کو ارسال کیے تھے۔

دلہن کو جب ٹیکسٹ میسجز موصول ہوئے تو پہلے اس نے انہیں نظرانداز کردیا۔ اس کے بعد اسے اپنے ہونے والے شوہر کے اسکرین شاٹس کے ساتھ پیغامات ملے جس کے ساتھ نامعلوم عورت نے لکھا تھا کہ میں تو اس شخص سے شادی نہیں کروں گی، کیا آپ کرنا چاہیں گی؟

اس کے بعد نامعلوم عورت نے اپنی تصاویر بھیجیں جس میں اس کے ہونے والے شوہر کو بھی دیکھا جاسکتا تھا۔ یہ دیکھ کر دلہن سخت پریشان ہوگئیں اور پوری رات نہیں سوپائیں۔

اگلے روز عین شادی کے موقع پر دلہن کا لباس پہنے خاتون نے اپنے ہونے والے شوہر کے سارے پیغامات لڑکے کے اہلِ خانہ اور دوستوں کے سامنے پڑھ کرسنا دیئے جس کے بعد پورا مجمع دم بخود رہ گیا۔

اس کے بعد وہ اسٹیج پر چڑھیں اور تمام مہمانوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آج کوئی شادی کی تقریب نہیں کیونکہ اپنے ہونے والے شوہر کو میں جیسا سمجھتی تھی وہ حقیقت میں ویسا نہیں ہے۔ دلہن کے بیان پر دولہا کا رنگ تبدیل ہوگیا بعد ازاں سارے پیغامات سناکر دلہن تیزی سے شادی کی تقریب سے باہر نکل گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔