امریکی عدالت کا وائٹ ہاؤس کو صحافی کا پریس کارڈ بحال کرنے کا حکم

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 نومبر 2018
وائٹ ہاؤس نے صحافی جم اکوسٹا کا پریس کارڈ معطل کر دیا تھا (فوٹو: فائل)

وائٹ ہاؤس نے صحافی جم اکوسٹا کا پریس کارڈ معطل کر دیا تھا (فوٹو: فائل)

 واشنگٹن: امریکا کی وفاقی عدالت نے وائٹ ہاؤس کو سی این این کے صحافی جم اکوسٹا کا پریس کارڈ بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

یہ فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقرر کیے گئے جج ٹموتھے کیلی نے سنایا۔ امریکی میڈیا کے مطابق عدالت نے فیصلہ دیا کہ وائٹ ہاؤس نے صحافی کا پریس کارڈ معطل کرنے کے لیے ضروری قانونی طریقہ کار پر عمل نہیں کیا۔

گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران سی این این کے صحافی اور ڈونلڈ ٹرمپ میں بحث ہوئی تھی، صدر ٹرمپ نے صحافی کو ملک دشمن اور بدتمیز قرار دیتے ہوئے ان پر وائٹ ہاؤس کے دروازے بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ صحافی پر بھڑک اٹھے، مائیک چھین لیا اور وائٹ ہاؤس میں داخلے پر پابندی

وائٹ ہاؤس کی جانب سے اکوسٹا کا پریس کارڈ معطل کیے جانے کے خلاف سی این این نے قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا جس پر ابتدائی دلائل سننے کے بعد عدالت نے صحافی کا پریس کارڈ بحال کرنے کا حکم دیا۔

واشنگٹن ڈی سی میں عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جم اکوسٹا نے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ان تمام ساتھیوں، صحافتی اداروں اور دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیں سپورٹ کیا اور ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔