واٹر بورڈ کو پانی کے میٹر 15 روز میں درست کرنے کا حکم

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 17 نومبر 2018
11 ماہ سے ڈرامہ لگاہوا ہے مزید برداشت نہیں کریں گے، کچھ بھی کریں، مکینوں کو یکساں پانی ملنا چاہیے، جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم۔ فوٹو: فائل

11 ماہ سے ڈرامہ لگاہوا ہے مزید برداشت نہیں کریں گے، کچھ بھی کریں، مکینوں کو یکساں پانی ملنا چاہیے، جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم۔ فوٹو: فائل

 کراچی: واٹر کمیشن نے واٹر بورڈ کو 15 روز میں شہر بھر میں پانی کے میٹر ٹھیک کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر قائم واٹرکمیشن کا اجلاس جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں ہوا، کلفٹن اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی قلت کا معاملہ زیر غور آیا فوکل پرسن واٹر کمیشن آصف حیدر شاہ نے بتایا کہ کلفٹن کے لیے ایک نئی لائن کا منصوبہ زیر تکمیل ہے،پمپنگ اسٹیشنوں پر نئے وال اور میٹرز لگائے جائیں گے، کچھ غیرقانونی کنکشنوں کو ریگولیٹ کیا جارہا ہے، کمیشن سربراہ نے ریمارکس دیے کہ کچھ بھی کریں مکینوں کو یکساں پانی ملنا چاہیے۔

کمیشن سربراہ نے کنکشن ریگولیٹ کرنے اور پانی فراہمی کے اقدامات کے لیے 2 ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے ڈی ایچ اے، پولیس اور دیگر کو بھی واٹر بورڈ سے تعاون کی ہدایت کردی۔

ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد شیخ نے بتایا کہ کراچی میں پانی کے 5 میٹر خراب ہیں، جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیے کہ کئی ماہ سے حکم دے رہے ہیں، پورے شہر میں پانی کے میٹر نصب کیے جائیں11 ماہ سے ڈرامہ لگایا ہوا ہے، مزید برداشت نہیں کریں گے، بدقسمتی سے حکم کے باوجود عمل درآمد نہیں کیا جارہا، ایک سال سے شہری دھکے کھا رہے ہیں اور بنیادی مسائل حل نہیں ہو پا رہے ہیں۔

کمیشن سربراہ نے واٹر بورڈ کو 15 روز میں شہر بھر میں پانی کے میٹر درست کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔