سندھ میں نجی اسکولوں کو زائد فیسوں کی واپسی کیلیے حتمی انتباہی خط

صفدر رضوی  ہفتہ 17 نومبر 2018
سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے تحت  3ماہ کی مہلت 2دسمبرکوپوری ہورہی ہے۔ فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے تحت  3ماہ کی مہلت 2دسمبرکوپوری ہورہی ہے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے صوبے بھرکے نجی تعلیمی اداروں کو فیسوں کی واپسی کیلیے حتمی اورآخری انتباہی خط ( وارننگ لیٹر)جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے تحت وہ والدین سے لی گئی 5فیصد سے زائد فیس 3ماہ میں واپس کرنے کے پابندہیں اس مدت کے خاتمے کے بعد انھیں مزید مہلت نہیں دی جائے گی۔

یہ حتمی وارننگ جمعہ کوسندھ بھرکے تمام نجی تعلیمی اداروں کوجاری کی گئی ہے اوراس میں دی گئی تین ماہ کی مدت کے مطابق تمام نجی اسکول 2دسمبرتک والدین سے لی گئی اضافی فیسیں واپس کرنے کے پابندہیں اورسندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے تحت نجی اسکولوں کے پاس فیسوں کی واپسی کے لیے محض 16دن کی مہلت باقی بچی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزسندھ ڈاکٹرمنسوب صدیقی کے دستخط سے گزشتہ روزجاری ہونے والے گشتی مراسلے(سرکلر) میں 3ستمبر2018کوسندھ ہائی کورٹ کے جاری حکم نامے کاتذکرہ کرتے ہوئے نجی اسکولوں پرواضح کیاگیاہے کہ اس حکم نامے سے سندھ کے تمام نجی تعلیمی اداروں(اسکولوں اورکالجوں) کو12اکتوبرکوجاری ایک خط کے ذریعے پہلے ہی آگاہ کردیاگیاتھا لہذااس عدالتی حکم نامے پر عملدرآمد کے لیے اب متعلقہ کسی بھی اسکول کومزیدوقت نہیں دیاجائے گا۔

دوسری جانب ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزکی انسپیکشن ٹیم نے جمعہ کو کلفٹن کے علاقے میں قائم نیکسراسکول کادورہ کرکے اس اسکول کوبھی ایک انتباہی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ جب تک والدین سے لی گئی زائد فیسیں واپس نہیں کی جائیں گی اسکول کورجسٹریشن سرٹیفیکیٹ واپس نہیں کیاجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔