غیر ملکی وفود کو دعوت دینے پر ڈپٹی و چیئرمین سینیٹ میں شدید اختلافات

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 17 نومبر 2018
آپ کا خط پڑھ کر افسوس ہوا، قوانین میں کہاں لکھا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین غیرملکی وفود کو پاکستان نہیں بلاسکتا؟سلیم مانڈوی والا۔ فوٹو: ایکسپریس

آپ کا خط پڑھ کر افسوس ہوا، قوانین میں کہاں لکھا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین غیرملکی وفود کو پاکستان نہیں بلاسکتا؟سلیم مانڈوی والا۔ فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: ایوان بالا کی سیاست میں گرمی آ گئی، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے اختلافات بھی شدت اختیار کرگئے۔

چیئرمین سینیٹ نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو غیرملکی پارلیمینٹیرین کودعوت دینے پر خط لکھ دیا، خط میں کسی کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دینے سے پہلے چیئرمین سینٹ سے رجوع کرنے کی پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا خط منظر عام پر آگیا، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بھی جوابی خط لکھ دیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 12 نومبرکو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو خط لکھاجس میں کہاگیا کہ غیر ملکی وفود کو پاکستان آنے کی دعوت صرف چئیرمین سینیٹ دے سکتا ہے۔

غیر ملکی وفود کو پاکستان آمد کی دعوت صرف قومی مفاد میں دی جا سکتی ہے، غیر ملکی پارلیمنٹیرینز کی پاکستان آمد پر خطیر رقم خرچ ہو گی، آئندہ غیر ملکی وقت کو دعوت دینے سے پہلے مجھ سے پوچھا جائے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے 14نومبر کواپنے جوابی خط میں لکھا کہ آپ کا خط پڑھ کر بہت افسوس ہوا، قوانین میں کہاں لکھا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین غیرملکی وفود کو پاکستان آنے کی دعوت نہیں دے سکتا؟ حیران ہوں کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ غیر ملکی وفود کا پاکستان آنا قومی مفاد میں نہیں، غیر ملکی وفود کو پاکستان آنے کی دعوت دے چکا ہوں اور اپنے فیصلے پر قائم رہوں گا،میں نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام تر اخراجات خود برداشت کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔