مقبوضہ کشمیر میں پنچایت الیکشن کا مکمل بائیکاٹ اور شٹر ڈاؤن ہڑتال

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 نومبر 2018
پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی اہلکار اور عملہ موجود ہے لیکن ووٹرز غائب ہیں۔ فوٹو : کشمیر میڈیا

پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی اہلکار اور عملہ موجود ہے لیکن ووٹرز غائب ہیں۔ فوٹو : کشمیر میڈیا

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کی اپیل پر نام نہاد پنچایت الیکشن کا بائیکاٹ اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنت نظیر وادی میں آج مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے۔ مودی سرکار کی جانب سے پنچایت الیکشن کے ڈھونگ کا حریت رہنماؤں کی اپیل پر مکمل بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر تمام شاہراؤں پر ہُو کا عالم ہے جب کہ کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور عدالتیں بند ہیں۔ بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھاری تعداد میں نفری تعینات کر رکھی ہے اور لوگوں کو ووٹ ڈالنے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی دھمکیوں کے باوجود کشمیر کی غیور عوام نے حریت رہنماؤں کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے بلدیاتی الیکشن کی طرح آج پنچایت الیکشن کا بھی مکمل بائیکاٹ کیا جس کے باعث پولنگ اسٹیشن پر سناٹا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں بلدیاتی الیکشن کے موقع پر وادی میں مکمل بائیکاٹ کیا گیا تھا جس کے باعث ووٹنگ کی شرح محض 4 فیصد رہی تھی جو کہ کشمیر کی تاریخ کی کم ترین شرح تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔