نظم الحسن ایشین کرکٹ کی صدارتی کرسی پر براجمان

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 18 نومبر 2018
سالانہ جنرل میٹنگ میں اراکین کاکھیل کو فروغ دینے کیلیے منصوبوں پر غور۔ فوٹو: فائل

سالانہ جنرل میٹنگ میں اراکین کاکھیل کو فروغ دینے کیلیے منصوبوں پر غور۔ فوٹو: فائل

لاہور: نظم الحسن ایشین کرکٹ کی صدارتی کرسی پربراجمان ہو گئے جب کہ احسان مانی کی جگہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈکے صدر نے عہدہ سنبھال لیا۔

اے سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ گزشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی صدارت میں ہوئی، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن بھی اس میں شریک ہوئے، بھارت کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن، سی ای او نظام الدین چوہدری، سری لنکن بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ایشلے ڈی سلوا، افغان کرکٹ بورڈ کے صدر عزیزاللہ فضل، اے سی سی کے چیف ایگزیکٹیو شفیق ستنکزئی، امارات کرکٹ بورڈ کے نمائندے ولید بخاطر کے ساتھ کویت، سعودی عرب، اومان، بحرین،  قطر، سنگاپور، تھائی لینڈ اور نیپال کے عہدیدار بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر خطے میں کھیل کے فروغ کیلیے منصوبے زیر غور آئے، شرکاء کو یواے ای میں ایشیا کپ کے کامیاب انعقاد کے بارے میں تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا، اے سی سی میں پاکستان کی صدارت کا 2سالہ دور مکمل ہوگیا۔

سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اس منصب پر رہے، بعدازاں بورڈ  کے موجودہ سربراہ احسان مانی بھی قلیل مدت کیلیے صدر بنے، اب یہ عہدہ سنبھالنے کی باری بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کی تھی، بی سی بی کے صدر نظم الحسن کو صدارت سونپ دی گئی، وہ 2020 تک یہ عہدہ سنبھالیں گے۔

انھوں نے اس موقع پر ایشیا میں کرکٹ کو فروغ دینے کیلیے رکن ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا،نظم الحسن نے کہاکہ ایشیائی ممالک انٹرنیشنل کرکٹ میں مضبوط طاقت ہیں،5ٹیسٹ اور 2ون ڈے اسٹیٹس رکھنے والی ٹیموں کا تعلق اسی خطے سے ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے نظم الحسن کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔