ہاکی پلیئرزکے رشتہ دارسلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں ہونگے

آئی ایچ ایف نے رکن ممالک کو ٹیموں سے اقربا پروری ختم کرنے کی ہدایت کردی فوٹو: فائل

آئی ایچ ایف نے رکن ممالک کو ٹیموں سے اقربا پروری ختم کرنے کی ہدایت کردی فوٹو: فائل

لاہور:  ورلڈ ہاکی فیڈریشن نے پلیئرز کے رشتہ داروں کو سلیکشن کمیٹی میں شمولیت سے روک دیا، ورلڈ باڈی نے یہ اقدام ممبر ممالک کی ٹیموں میں اقربا پروری روکنے کی غرض سے اٹھایا۔

حکام نے واضح کیاکہ سلیکٹرز کو اپنے رشتہ دار پلیئر منتخب کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نئے قانون کے مطابق ممبر ممالک کی سلیکشن کمیٹیز میں ایسے عہدیداروں کو کام کرنے کی اجازت نہیں ہو گی جن کے قریبی رشتہ دار جونیئر یا سینئر ٹیموں کی نمائندگی کرتے یا اس کے امیدوار ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے گزشتہ کچھ عرصے سے سلیکشن کمیٹی کو ختم کر کے ٹیموں کے انتخاب کا سارا اختیار مینجمنٹ کو سونپ رکھا ہے۔

اس وجہ سے ایف آئی ایچ کے نئے قانون کا اطلاق براہ راست اس پر نہیں ہوگا، البتہ چیف کوچ اختر رسول سمیت مینجمنٹ میں شامل دیگر عہدیداروں کو قریبی رشتہ دار کی ٹیم میں شمولیت پر رضاکارانہ طور پر ذمہ داری چھوڑنی ہو گی۔ ایک اور ایف آئی ایچ قانون کے مطابق اجلاس میں اگر کسی ملک کا کوئی بھی معاملہ زیر بحث آئے تو اس کے نمائندے کو شرکت کی اجازت نہیں ہو گی، مسئلے کا حل دیگر عہدیدار باہمی صلاح مشورے سے تلاش کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔