لیورانے ماریا کویلنکو کے اوسان خطا کر دیے

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  بدھ 26 جون 2013
ومبلڈن ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے رائونڈ میں امریکی کھلاڑی سرینا ولیمزحریف لگزمبرگ کی مینڈی منیلا کے خلاف گیند ریٹرن کررہی ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

ومبلڈن ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے رائونڈ میں امریکی کھلاڑی سرینا ولیمزحریف لگزمبرگ کی مینڈی منیلا کے خلاف گیند ریٹرن کررہی ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

لندن:  ومبلڈن میں برطانوی کھلاڑی لیورا رابسن نے روس کی 10 ویں سیڈ ماریاکریلنکو کے اوسان خطا کر دیے۔

انھوں نے فتح کی بدولت دوسرے راؤنڈ میں رسائی سے میزبان شائقین کی امیدیں بڑھا دیں، سرینا ولیمز نے مینڈی منیلا کو پچھاڑ کر مسلسل 32ویں کامیابی حاصل کی، چین کی 6 سیڈ لینا نے ڈچ حریف میکائیلا کراجیسک کو اسٹریٹ سیٹ میں زیر کیا، ٹورنامنٹ کی معمر ترین پلیئر کمیکو ڈیٹ کرم نے نوجوان جرمن کوالیفائرکیرینا وتھوئیفٹ کو مات دے دی۔ مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ نووک جوکووک نے جرمنی کے فلوریان مائر سے گذشتہ سال کے کوارٹرفائنل کی شکست کا بدلہ لے لیا،جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو، کائی نشکوری ، ٹامی ہاس،کیون اینڈرسن اور لیٹن ہیوٹ نے دوسرے راؤنڈ کیلیے کوالیفائی کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی لیورا رابسن نے منگل کے روز روسی اسٹار ماریاکریلنکو کو 6-3 اور 6-4 سے ٹھکانے لگا دیا،19 سالہ ان سیڈڈ میزبان پلیئرکو پہلے سیٹ میں آسان کامیابی کے بعد کریلینکو کی جانب سے دوسرے سیٹ میں کچھ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا،گذشتہ ماہ فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل تک پہنچنے والی روسی پلیئر لیورا کے مومینٹم پر قابو نہ پا سکیں۔ ورلڈ نمبر ون اور دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز نے مسلسل32 ویں کامیابی حاصل کرتے ہوئے لگزمبرگ کی مینڈی منیلا کو 6-1,6-3 سے قابو کیا۔42 سالہ کمیکو ڈیٹ کرم نے18سالہ جرمن کوالیفائر کیرینا وتھوئیفٹ کو6-0,6-2 سے شکست کا مزہ چکھایا، جاپانی اسٹار کی عمر اس وقت چار سال تھی جب ڈیٹ کرم نے 1989 میں ومبلڈن میں قدم رکھا تھا۔

چین کی چھٹی سیڈ لینا ڈچ حریف میکائیلا کراجیسک کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-1, 6-1 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں جہاں ان کا مقابلہ رومانیہ کی سائمونا ہالیپ سے ہو گا۔ لینا کی ہم وطن ژینگ جی نے سرینا ولیمز سے دوبارہ مقابلے کا موقع اس وقت گنوادیا جب انھیں 100 رینکڈ گارشیا نے 6-3, 6-4 سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ دریں اثنا مینز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ اور ورلڈ نمبر ون نووک جوکووک نے جرمنی کے فلوریان مائر کو 6-3, 7-5 اور 6-4 سے زیر کرکے گذشتہ سال کوارٹر فائنل کی شکست کا بدلہ لے لیا۔

فرنچ اوپن میں بیماری کی وجہ سے شرکت نہ کرنے والے ارجنٹائن کے 8 سیڈ جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے اسپین کے البرٹ راموس کو 6-2, 7-5 اور 6-1 سے پچھاڑا۔ دیگر میچز میں 12 سیڈ کائی نشکوری نے آسٹریلیا کے میتھیو ایبڈن کو 6-2, 6-4, 6-3، جرمن 13 سیڈ ٹامی ہاس نے روسی دیمتری ترسونووف کو 6-3, 7-5, 7-5 اور جنوبی افریقہ کے 27 سیڈ کیون اینڈرسن نے بیلجیئم کے اولیور روشز کو 6-4, 6-2, 6-1 سے زیر کیا۔ آسٹریلیا کے لیٹن ہیوٹ نے11 ویں سیڈ اسٹینسلاس واورنکا کو6-4،7-5،6-3 سے مات دے دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔