حسن علی نے کامیابی کا سہرا اظہر کے سرباندھ دیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 19 نومبر 2018
بیٹسمین اگر وکٹ پر وقت گزارنے میں کامیاب رہے تو ہدف کا حصول مشکل نہیں ہوگا

بیٹسمین اگر وکٹ پر وقت گزارنے میں کامیاب رہے تو ہدف کا حصول مشکل نہیں ہوگا

ابوظبی: کیریئر میں پہلی بار ٹیسٹ اننگز میں 5 وکٹیں اڑانے والے پاکستانی پیسر حسن علی نے کامیابی کا سہرا بولنگ کوچ اظہر محمود کے سرباندھ دیا، ہدف کے تعاقب پر پوچھے گئے سوال پر انھوں نے کہا کہ اگر بیٹسمین وکٹ پر وقت گزارنے میں کامیاب رہے تو رنز بنانا مشکل نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ابوظبی ٹیسٹ کے تیسرے دن عمدہ بولنگ کرنے والے پیسر حسن علی نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ کسی بھی فارمیٹ میں پرفارمنس دینے پر خوشی ہوتی ہے اور مجھے ابوظبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں لینے پر بے انتہا مسرت ہے، بولنگ کوچ اظہر محمود کے ہمراہ ملکر جو پلان ترتیب دیا تھا اسی پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا، ہر وقت آپ کا جسم یکساں نہیں رہتا، ہر میچ میں 5 اور3 وکٹیں نہیں مل پاتیں، پرفارمنس میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، میں نے سخت محنت کا سلسلہ جاری رکھا، آسٹریلیا سے سیریز کے دوران جو محنت نیٹ پرکی تھی، مجھے اس کا صلہ اس میچ میں مل گیا، حالیہ پرفارمنس کو کوچ اظہر کے نام کرتاہوں۔

ٹیسٹ میں پہلی بار پانچ وکٹ کی پرفارمنس ان کے نام کرتا ہوں، اظہرمحمود، شاداب اور میں آسٹریلیا سے سیریز میں بھی صبح 5 بجے ہوٹل سے اٹھ کر بولنگ پریکٹس کیلیے میدان میں آجاتے تھے، پرفارمنس میں بہتری کا کریڈٹ بولنگ کوچ کو ہی جاتا ہے، ہمیں یقین تھا کہ اگر بریک تھرو مل گیا تو ہم میچ میں واپس آجائیں گے، ہدف کے تعاقب کی بابت سوال پر انھوں نے کہا کہ اگر ہمارے بیٹسمین وکٹ پر وقت گزاریں گے تو رنز بنانا مشکل نہیں ہوگا، ابھی میچ میں دو دن ہیں، مجھے امید ہے ہماری بیٹنگ لائن مطلوبہ ہدف بنالے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔