بلاول گلگت کے نوجوانوں پرزبردست تاثرقائم کرنے میں کامیاب

احمد منصور  پير 19 نومبر 2018
بلاول گلگت کے نوجوانوں پرزبردست تاثرقائم کرنے میں کامیاب
فوٹو:فائل

بلاول گلگت کے نوجوانوں پرزبردست تاثرقائم کرنے میں کامیاب فوٹو:فائل

گلگت:  پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا گلگت بلتستان کے عوام سے پہلا براہ راست رابطہ زبردست تاثر قائم کرنے میں کامیاب رہے،  5 روزہ طویل دورے کے دوران شاہی پولوگراؤنڈ میں ہونے والے افتتاحی جلسے میں گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں سے بھی عوام کی بھرپور نمائندگی نظر آئی۔

ایک ایسے ماحول میں بھرپور سیاسی سرگرمی کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے جب الیکشن کا موسم بھی نہ ہو اور نہ ہی کوئی سیاسی تحریک چل رہی ہو، یہ خالصتاً پیپلز پارٹی کے نوجوان قائد کی گلگت بلتستان میں تعارفی انٹری ہے جس کی جڑیں بہت مضبوط ہیں کیونکہ بلاول کے پاس گلگت بلتستان کے عوام کو متاثرکرنے کیلئے بہت قیمتی حوالے موجود ہیں جن کا انہوں نے اپنی تقریر میں خوب استعمال بھی کیا، ذوالفقار علی بھٹوکے دورکے اقدامات کی یاد دھندلی ہو سکتی ہے مگر آئینی تحفظ اور شناخت کیلئے کوشاںگلگت بلتستان کی نوجوان نسل کی امیدوں کا مرکز بلاول اس لئے بھی بنتا نظر آ رہا ہے کہ گلگت بلتستان کو انتظامی صوبہ بنانے کے سابق صدر آصف زرداری کی حکومت کے اقدام کی ہر جانب آج بھی پذیرائی ہے۔

شاید اسی لئے بلاول کی تقریرکے تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید والے حصے کو تو توجہ ملی ہی مگرگلگت بلتستان کے حقوق کے حوالے سے بلاول بھٹوکی سوچ براہ راست جان کر جلسہ گاہ کا ماحول پرجوش نعروں سے گرم ہوتا رہا، جلسے میں یوں توگلگت کے تمام علاقوں حتیٰ کہ اسکردو سے بھی نمائندگی تھی مگر ہنزہ، خاص کر نگر سے سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل ریلی نے سب کی توجہ حاصل کی جس کی قیادت پیپلز پارٹی کے ایم ایل اے جاوید حسین کر رہے تھے، جلسے کے کامیاب انعقاد میں گلگت بلتستان پیپلز پارٹی کے نوجوان صدر امجد ایڈووکیٹ اور سیکرٹری انفارمیشن سعدیہ دانش کی محنت شامل ہے۔ آج بلاول بھٹو زرداری خوبصورت جھیلوں کی سرزمین غذر، پھنڈر اور یاسین ویلی میں گلگت بلتستان کے عوام سے رابطہ مہم آگے بڑھائیں گے جبکہ ہنزہ اور نگرکیلئے منگل کا دن مختص ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔