سعودی عرب نے مالیاتی پیکیج کے تحت ایک ارب ڈالر پاکستان منتقل کردیئے

ویب ڈیسک  پير 19 نومبر 2018
اسٹیٹ بینک کی تصدیق، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 14.8 ارب ڈالر ہوگئے (فوٹو : فائل)

اسٹیٹ بینک کی تصدیق، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 14.8 ارب ڈالر ہوگئے (فوٹو : فائل)

 کراچی: پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی رقم موصول ہوگئی اسٹیٹ بینک نے اس بات کی تصدیق کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے پیکیج کا آغاز ہوگیا، سعودی عرب نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران اپنے کیے گئے اعلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے اکاؤنٹ میں ایک ارب ڈالر منتقل کردیے جب کہ مزید دو ارب ڈالر کی رقم جلد منتقل کی جائے گی۔

یہ پڑھیں: سعودی عرب پاکستان کو 12 ارب ڈالرز کا پیکیج دے گا

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رقم موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ رقم ملنے کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مزید مستحکم ہوگئے اور یہ ذخائر بڑھ کر 14.8 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے 12 ارب ڈالر کے اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا ہے جس میں تین سال تک تین تین ارب ڈالر کا تیل دیا جائے گا جب کہ بیرونی ادائیگیوں کے لیے سعودی عرب نے تین ارب ڈالر کی رقم پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔