ٹیم کی غیرذمہ دارانہ بیٹنگ پر کپتان مایوسی کا شکار

اسپورٹس رپورٹر  منگل 20 نومبر 2018
میرا سوئپ شاٹ بھی مایوس کن تھا، دباؤ کا سامنا کرنے میں ناکام رہے، سرفراز۔ فوٹو: اے ایف پی

میرا سوئپ شاٹ بھی مایوس کن تھا، دباؤ کا سامنا کرنے میں ناکام رہے، سرفراز۔ فوٹو: اے ایف پی

 لاہور:  ٹیم کی غیرذمہ دارانہ بیٹنگ نے سرفراز احمد کو مایوسی کا شکار کر دیا۔

ابوظبی ٹیسٹ میں شکست کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ تیسرے دن ہدف کے تعاقب میں اچھا آغاز کیا تھا، چوتھے روز 3  وکٹیں اچانک گریں، اسد شفیق اور اظہر علی کی شراکت کے بعد ہم مشکلات سے نکل آئے،اس وقت فتح آسان نظر آرہی تھی لیکن بیٹنگ لائن ثابت قدمی کا مظاہرہ نہیں کرپائی، بابراعظم کا رن آؤٹ ہونا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، اس کے بعد بیٹسمین مسلسل غلطیاں کرتے رہے۔

ایک سوال پر سرفراز نے کہا کہ میرا سوئپ شاٹ بھی مایوس کن تھا،  اسی اسٹروک پر میں اکثر کافی رنز بناتا رہا ہوں لیکن ابوظبی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں کامیاب نہ ہو سکا، اس میں کوئی شک نہیں کہ اعجاز پٹیل نے بہت اچھی بولنگ کی لیکن بیٹسمینوں نے غیر ذمہ دارانہ اسٹروکس کھیل کر وکٹیں گنوائیں۔ انھوں نے کہا کہ فتح کے قریب پہنچ کر ہارنا مایوس کن ہے، مثبت کرکٹ کھیلنے اور غلطی سے وکٹیں گنوانے میں بڑا فرق ہے،حقیقت ہے کہ ہم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کیویز کے دباؤ کا سامنا نہیں کر پائے۔

کپتان نے کہا کہ اب کوشش کریں گے کہ آئندہ دونوں میچز میں اس طرح کی غلطیاں نہ دہرائیں، بولرز بہتر کھیل پیش کر رہے ہیں بیٹسمینوں کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔

مہمان کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ سنسنی خیز میچ ٹیسٹ کرکٹ کی تشہیر کیلیے خوش آئند ہے، جیت کے باوجود کئی موقع پر کیویز سے بھی بڑی غلطیاں ہوئیں، ان کو سدھارنے کی کوشش کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔