اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کے لیے قومی مینز سائیکلنگ ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری

محمد یوسف انجم  منگل 20 نومبر 2018
مینز ٹیم کے بعد ویمنز سائیکلنگ کا کیمپ بھی لگایا جائے گا، فوٹو: ایکسپریس

مینز ٹیم کے بعد ویمنز سائیکلنگ کا کیمپ بھی لگایا جائے گا، فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز مارچ 2019 میں ابوظہبی میں ہورہی ہیں، جن کی تیاریوں کے لیے اسپیشل اولمپکس پاکستان کے زیر اہتمام قومی مینز سائیکلنگ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے۔

اسپیشل کھلاڑیوں کے لیے ہونے والے کھیلوں کے اس سب سے بڑے میلے میں پاکستان سمیت 170 ممالک کے 7000 سے زیادہ اتھلیٹس 24 کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ سائیکلنگ میں پاکستان کو میڈلز ملنے کے کافی امکانات ہیں، اس لیے تیاری بھی بھرپور طریقے سےجاری ہے۔ ہر روز دو مراحل میں دی جانے والی ٹریننگ میں ان کی مہارت اور فٹنس دونوں پر توجہ دی جارہی ہے۔

تربیتی کیمپ میں 10 سائیکلسٹس 28 نومبر تک پریکٹس کرکے کھیل میں نکھار لائِیں گے، ان بچوں کا کہنا ہےکہ پاکستان کے لیے میڈلز جیتنا ہدف ہے۔ پہلے بھی میڈلز جیت کر ملک کا نام نام روشن کیاہے، ورلڈ گیمز میں بھی سخت محنت کرکے اپنے ملک کی نیک نامی میں اضافہ کریں گے۔کوچ عائشہ زمان کے نزدیک یہ بچے ہماری خصوصی توجہ کےمنتظر ہیں، ان کی کوچنگ مشکل کام نہیں۔ان کو عام بچوں کی نسبت کچھ سکھانا زیادہ آسان ہے،ہر بچے کی خوبیوں اور کمزوریوں کو سامنے رکھتے ہوئے سکھانے کی کوشش کرتے ہیں، یہ بہت کوآپریٹو ہیں اور جلد ہدایات پر عمل کرنے لگتے ہیں۔

مینز ٹیم کے بعد ویمنز سائیکلنگ کا کیمپ بھی لگایا جائے گا، تمام کھیلوں کے کیمپ مختلف مقامات پر لگ رہے ہیں، ہر کیمپ کے بعد کچھ بریک بھی رکھی گئی ہے تاکہ یہ بچے دلچسپی اور لگن کے ساتھ ٹریننگ کی طرف فوکس رکھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔