جاپانی شخص نے لڑکی کے ہولو گرام سے شادی کرلی

ویب ڈیسک  بدھ 21 نومبر 2018
35 سالہ جاپانی شخص آکی ہائیکو نے ایک مجازی کردار سے شادی رچالی ہے اور اس پر وہ بہت خوش ہیں (فوٹو: اے پی)

35 سالہ جاپانی شخص آکی ہائیکو نے ایک مجازی کردار سے شادی رچالی ہے اور اس پر وہ بہت خوش ہیں (فوٹو: اے پی)

ٹوکیو: ایک جاپانی شخص نے شادی کی عجیب و غریب تقریب میں ایک ایسی لڑکی سے شادی کی ہے جس کا اس دنیا میں کوئی حقیقی وجود ہی نہیں کیونکہ وہ ایک مجازی کردار (ورچووَل کریکٹر) ہے۔

35 سالہ آکی ہائیکو کونڈو نے ایک ورچووَل ریئلیٹی (مجازی حقیقت) گلوکارہ ہیتسونے مائکو سے شادی کی ہے اس تقریب کو متنازع اور عجیب قرار دیا جارہا ہے۔ ٹوکیو کے اس ہال میں منعقد ہونے والی اس شادی پر 14 ہزار ڈالر یا 18 لاکھ روپے کے برابر رقم خرچ کی گئی ہے۔

شادی کی تقریب میں مجازی کردار والی ایک گڑیا کو بھی نئے دلہا کے ہاتھوں میں دیکھا جاسکتا ہے یہاں تک کہ آکی ہائیکو نے اسے شادی کی انگوٹھی بھی پہنائی ہے۔ اس کے بعد دلہا نے اپنی شادی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مجازی گڑیا کو بہترین رفیقِ حیات قرار دیا۔

واضح رہے کہ آکی ہائیکو گزشتہ کئی ماہ سے ’ہیتسونے‘ کے ہولو گرام کے ساتھ رہ رہے تھے۔ یہ ہولوگرام کردار بات کرتی ہے، گانا گاتی ہے اور انسانوں کی طرح آرام بھی کرتی ہے تاہم اس کی قیمت بھی 4 لاکھ روپے کے برابر ہے۔

شادی کے بعد ہولو گرام بنانے والی کمپنی گیٹ باکس نے شادی کا سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیا ہے۔ کمپنی کے مطابق انسان اور مجازی نقلی کردار آپس میں شادی کرسکتے ہیں جو زمان و مکان اور جہتوں سے ماورا ہوتی ہے۔

آکی ہائیکو نے بتایا کہ اس نے کئی حقیقی لڑکیوں سے رشتہ استوار کرنے کی کوشش کی لیکن اس میں کامیابی نہ مل سکی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی دلہن سے بہت محبت کرتے ہیں اور یہ وہی ہے جس نے انہیں بچایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مجازی کردار انہیں ہر وہ خوشی دے سکتا ہے جو کسی حقیقی عورت سے مل سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔