نیب نے بینکوں سے شہبازشریف کے اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگ لیں

ویب ڈیسک  منگل 20 نومبر 2018
اکاؤنٹس کی اسٹیٹمنٹس بھی 26 نومبر تک ہیڈ آفس کو بھجوائی جائیں، نیب ذرائع. فوٹو:فائل

اکاؤنٹس کی اسٹیٹمنٹس بھی 26 نومبر تک ہیڈ آفس کو بھجوائی جائیں، نیب ذرائع. فوٹو:فائل

لاہور: قومی احتساب بیورو نے بینکوں و مالیاتی اداروں سے سابق وزیر اعلی میاں شہباز شریف سمیت پانچ لوگوں کے بینک اکاونٹس کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق قومی احتساب بیورو نے بینکوں و مالیاتی اداروں سے سابق وزیرِ اعلٰی پنجاب شہباز شریف سمیت  5 افراد کے بینک اکاونٹس کی تفصیلات مانگی ہیں، نیب نے حمزہ شہباز شریف،سلمان شہباز شریف ،عمران علی یوسف اور فہیم اختر چوہدری کے بینک اکاونٹس کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔ نیب کا کہنا ہے کہ معلومات فراہم نہ کرنے والے ذمہ دار افسر کے خلاف کاروائی ہوگی۔

نیب کی جانب سے بینکوں اور مالیاتی اداروں کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف،حمزہ شہباز، سلمان شہباز ، عمران علی یوسف اور فہیم اختر چوہدری کے بینک اکاونٹس، اکاونٹ کھولنے کا فارم، کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی کاپی، دستخطی کارڈ کا نمونہ، اکاونٹ کھولنے کی تاریخ سے لے کر اب تک کے اکاؤنٹس کی اسٹیٹمنٹس بھی 26 نومبر تک ہیڈ آفس کو بھجوائی جائیں۔

نیب نے محکمہ قومی بچت سے شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز، عمران علی یوسف اور فہیم اختر چوہدری کے حوالے سے ملکی و غیر ملکی کرنسی میں بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری و سرٹیفکیٹس کی تفصیلات بھی مانگی ہیں۔

دوسری جانب نیب کو معلومات فراہم کرنے کیلئے بینکوں و مالیاتی اداروں نے تمام فیلڈ فارمشنز سے رپورٹ مانگ لی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔