جشن عید میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

ویب ڈیسک  بدھ 21 نومبر 2018
ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر، قصبے ، کوچے، بازار، چوراہے برقی قمقموں سے منورکیے گئے

ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر، قصبے ، کوچے، بازار، چوراہے برقی قمقموں سے منورکیے گئے

جشن عید میلاد النبیﷺ ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

جشن عید میلاالنبیﷺ کے موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے گئے جب کہ  ہر چھوٹے بڑے شہر، قصبے ، کوچے، بازار، چوراہے برقی قمقموں سے منورکیے گئے  اور ہر سو سبز پرچموں کی بہار رہی، اس کے علاوہ ملک بھر کی تمام اہم سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں، مارکیٹوں اور بازاروں کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا۔

جشن عید میلاالنبیﷺ کے موقع پر کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جلوس اور ریلیوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے۔

عید میلادالنبی ﷺ کو مسلم امہ نہایت عقیدت و احترام سے مناتی ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس موقع پر اپنے پیارے نبی ﷺ کی سیرت مبارکہ پر چلنے کا عہد کرتے ہیں۔ حضور پرنورﷺ نے مسلمانوں کو محبت، بھائی چارے، اخوت، عفوودرگزر کا درس دیا۔

عید میلادالنبی ﷺ مناتے ہوئے آنحضورؐ سے محبت کے اظہار کے ساتھ اسوۂ حسنہ کی پیروی کرنے کے عزم کا اعادہ بھی ضروری ہے، آج مسلم امہ جس زبوں حالی کا شکار ہے اس کا ایک سبب اسلامی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ سے دوری بھی ہے۔

طاغوتی طاقتیں مسلمانوں کی قوت کا شیرازہ بکھیرنے کے لیے متحرک ہیں، اسلامی مملکتوں کو باہمی تنازعات اور تفرقوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کی اجتماعی بھلائی کے لیے اﷲ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔