بھارت میں کمسن بچی پر سے ٹرین گزر گئی، بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی

ویب ڈیسک  بدھ 21 نومبر 2018
 خوش قسمتی سے بچی  کو خراش تک نہیں آئی ، فوٹو: اسکرین گریب

خوش قسمتی سے بچی کو خراش تک نہیں آئی ، فوٹو: اسکرین گریب

آگرہ: بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک سالہ بچی کے اوپر سے ٹرین گزر گئی تاہم معجزانہ طور پر بچی کو خراش تک نہ آئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ آگرہ شہر کے ماتھورا جنکشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر پیش آیا جہاں ماں کی گود سے بچی  پٹڑی پر جاگری اور ٹرین کی بوگیاں اس کے اوپر سے گزر گئیں، لیکن بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

بچی کے والد سونو نے بتایا کہ یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب وہ ٹرین میں سوار ہونے کے لیے پلیٹ فارم پر انتظار کررہے تھے کہ رش کی وجہ سے کسی شخص کا ہاتھ بیوی کے بازو سے ٹکرایا اور بچی ماں کی گود سے  ٹریک پر گرگئی، اسی اثنا میں ٹرین بھی چل پڑی۔

انہوں نے بتایا کہ کسی کو بھی بچی کے زندہ بچنے کی امید نہیں تھی سب کی سانسیں رک گئی تھیں اور اہلیہ چلا رہی تھی، پوری ٹرین گزرنے کے فوری بعد بچی کو ایک نوجوان نے اٹھایا اورسب دیکھ کرحیران رہ گئے کہ  بچی  کو خراش تک نہیں آئی ۔

واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد لوگ ان مناظر کو دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ کس طرح ایک بچی ٹرین کے نیچے آنے کے باوجود معجزانہ طور پر محفوظ رہی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔