عالمی قیمت میں کمی:سونے کے سرمایہ کاروں کودھچکا،مقامی طلب بڑھ گئی

کاشف حسین  جمعرات 27 جون 2013
سوناعام طبقے کی پہنچ سے باہرچلاگیاتھا،آرڈر ملنا شروع ہوگئے، جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز  فوٹو: فائل

سوناعام طبقے کی پہنچ سے باہرچلاگیاتھا،آرڈر ملنا شروع ہوگئے، جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز فوٹو: فائل

کراچی:  سونے کی عالمی قیمت میں زبردست کمی کے باعث سونے میں سرمایہ کاری کرنیوالوں کوشدید نقصان کا سامنا ہے۔

تاہم مقامی سطح پر زیورات کی خریداری اورسونے کی طلب میں 25فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے قائم مقام چیئرمین کاشف الرحمٰن نے بتایا کہ عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں زبردست کمی کے باعث مقامی مارکیٹ میں زیورات اور سونے کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، رواں سال کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت 64800 روپے سے کم ہوکر 47500روپے کی سطح پرآگئی ہے جس سے 2تولے کے سیٹ کی قیمت 30سے 35ہزار روپے کمی کے بعد 90 سے 95ہزار روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سونے کی قیمت میں نمایاں کمی کے ساتھ ہی جیولرز کو زیورات کی تیاری کے آرڈرز ملنا شروع ہوگئے ہیں جس سے جمود کا شکار انڈسٹری میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے مقامی مارکیٹ کے برعکس انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک دن میں ہونے والی کمی کو لے کر شدید خدشات پائے جاتے ہیں اور فنڈ منیجرز میں کھلبلی مچ گئی جس کے سبب سرمایہ کاراپنے سرمائے کو سونے سے نکال کردنیا کی مضبوط کرنسیوں میں منتقل کررہے ہیں ماہرین کے مطابق اس رجحان کے باعث سونے کی افراتفری میں فروخت کا خدشہ ہے جس سے قیمتوں میں مزید کمی واقع ہوگی۔

سونے کی قیمت میں رواں سال کے دوران ہونیوالی کمی گزشتہ تین دہائیوں میں ہونے والی مجموعی کمی کے برابر ہے جس نے سونے کی عالمی قیمت میں مسلسل 12سال سے ہونے والے اضافے کو ریورس کردیا ہے۔دنیا میں گولڈ فنڈ ٹریڈ کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی ایکس چینج ایس پی ڈی آر گولڈ ٹرسٹ کو سال میں دوسرے بڑے دھچکے کا سامنا ہے۔ ایس پی ڈی آر گولڈ ٹرسٹ کے پاس موجودہ نرخ کے مطابق 40ارب ڈالر کے سونے کے ذخائر موجود ہیں اور اس سطح پر ذخائر برقرار رکھنے کی صورت میں ٹرسٹ کو یومیہ بنیادوں پرکروڑوں ڈالر نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔