پی آئی اے کی کیٹرنگ گاڑیاں لاہور سے سیالکوٹ جاتے ہوئے لاپتہ

طالب فریدی  جمعرات 22 نومبر 2018
گاڑیوں کی گمشدگی پر ڈپٹی جنرل مینیجر فوڈ سروسزحسن محمود قریشی معطل فوٹو: فائل

گاڑیوں کی گمشدگی پر ڈپٹی جنرل مینیجر فوڈ سروسزحسن محمود قریشی معطل فوٹو: فائل

 لاہور: پی آئی اے کے مسافروں کو کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرنے والی کیٹرنگ کی دو گاڑیاں سیالکوٹ جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئیں۔

گاڑیاں لاہور سے سیالکوٹ جاتے ہوئے پرا سرار طور پر غائب ہوئیں جس پر ڈپٹی مینیجر فوڈ حسن محمود قریشی کو معطل کر دیا گیا۔
پی آئی اے ذرائع کے مطابق لاپتہ ہونے والی دونوں گاڑیاں جہازوں میں مسافروں کے لئے کھانا فراہم کرنے لاہور سے سیالکوٹ جارہی تھیں، ان گاڑیوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ قواعد خلاف ورزی کرتے ہوئے دونوں گاڑیوں کوجعلی گیٹ پاس جاری کئے گئے جن میں سےایک گیٹ پاس اسٹور پرچیز آفیسر جب کہ دوسرا ڈپٹی جی ایم فوڈ سروسزنے جاری کیا۔

پی آئی اے انتظامیہ کی ابتدائی تفتیش میں ڈپٹی فوڈ مینیجر کوئی بھی تسلی بخش جواب نہ دے پائے جس پر ان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا اور پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر نے گاڑیوں کی گمشدگی پر ڈپٹی جنرل مینیجر فوڈ سروسزحسن محمود قریشی کو معطل کردیا اور متعلقہ افسران کے خلاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا۔

پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی گمشدگی کی انکوائری شروع ہو گئی ہے اس میں جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔