متحدہ کو سندھ حکومت میں شامل کرنے کیلیے کوئی دباؤ نہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 27 جون 2013
لیاری نہیں پوراسندھ ہماراقلعہ ہے،کھوڑو،عوامی خدمت کرتے رہیںگے،اویس مظفر،کراچی کے حالات کبھی آئیڈیل نہیں رہے،شرجیل میمن۔ فوٹو: فائل

لیاری نہیں پوراسندھ ہماراقلعہ ہے،کھوڑو،عوامی خدمت کرتے رہیںگے،اویس مظفر،کراچی کے حالات کبھی آئیڈیل نہیں رہے،شرجیل میمن۔ فوٹو: فائل

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہاہے کہ سندھ حکومت میں شمولیت کافیصلہ ایم کیوایم کوکرناہے تاہم حکومت میں ایم کیوایم کوشامل کرنے کیلیے کوئی دبائونہیں،ساجدقریشی کے قتل کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات کررہے ہیں،اب تک کسی نتیجے پرنہیں پہنچے۔

بلاول ہائوس سے متصل  پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنمااور رکن سندھ اسمبلی اویس مظفرکی رہائش گاہ پر اپنے اورسندھ کابینہ سمیت ارکان سندھ اسمبلی کے اعزازمیں دیے گئے عشائیے کے بعدمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاکہ ساجدقریشی کے قتل کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنائی گئی ہے ، اگرچہ اس واقعے کی ذمہ داری  طالبان نے قبول کرلی ہے لیکن پھر بھی قتل کی اس واردات کی ہررخ سے تحقیقات کر رہے ہیں،پرویز مشرف کے خلاف سپریم کورٹ نے قانون کے مطابق فیصلہ کیاہے اس حوالے سے کیس چلنا چاہیے،سپریم کورٹ کے مطابق 2 ملین سے زائدافراد غیر قانونی طور پر مقیم ہیں لیکن یہ تعداد کہیں زیادہ ہے ان افراد کو نکالنا آسان نہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریفرنڈم کافیصلہ ایم کیوایم کا تھا ہم توبینظیربھٹوکی مفاہمتی پالیسی کے تحت سب سے بات چیت کر رہے ہیں،جب وزیراعلیٰ سے پوچھاگیا کہ کیا آپ بھی ایم کیوایم کوحکومت میں شامل کرنے کے لیے اپنی پارٹی میں ریفرنڈم کرائیں گے؟ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کارکن ہمارے ساتھ ہیں لیکن ان کے جذبات کی ہمیں قدرہے،سندھ کابینہ میں توسیع کے حوالے سے غور سندھ کابجٹ منظور ہونے کے بعد کیا جائے گا۔سپریم کورٹ کی جانب سے آئوٹ آف ٹرن پروموشن کے حوالے سے کیے گئے فیصلے کے سوال پروزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ قانون اسمبلی نے بنایاہے اور ہمارے قانونی ماہرین سپریم کورٹ کے اس فیصلے کاجائزہ لے رہے ہیں کہ ہم اس حوالے سے نظرثانی کی اپیل دائرکریں یا نہ کریں۔

اس موقع پرپیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمااویس مظفرنے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کی بھرپورخدمت پریقین رکھتی ہے،بینظیربھٹوکے ویژن کے مطابق عوام کے مسائل حل کریںگے،پہلے بھی عوام کی خدمت کی ہے ،آئندہ بھی کریںگے۔سینئروزیرنثارکھوڑونے کہاکہ سندھ حکومت میں شامل ہونے کے حوالے سے ریفرنڈم کے نتیجے کااعلان نہ کرناان کااندرونی معاملہ ہے،صرف لیاری ہی نہیں پوراسندھ پیپلزپارٹی کا قلعہ ہے، پیپلز پارٹی سندھ میں ہرجگہ موجود ہے،ہم اب بھی کراچی کے امن کے لیے ایم کیوایم کو ساتھ لے کرچلنا چاہتے ہیں۔

وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پرویز مشرف کے معاملے پر پیپلز پارٹی پارلیمنٹ کے ساتھ ہے ،معاملہ 12 اکتوبر1999سے شروع ہوناچاہیے، جس نے بھی غیر آئینی کام کیا سب کے خلاف ایک جیسی کارروائی ہونی چاہیے،کراچی کے حالات کبھی آئیڈیل نہیں رہے،اگر حالات آئیڈیل ہوتے تو ماضی میں آپریشن نہ ہوتا۔دریں اثناوزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بدھ کومتحدہ قومی موومنٹ کے مقتول رکن صوبائی اسمبلی ساجد قریشی کی رہائش گاہ پر گئے اورمرحوم کے صاحبزادوں عزیرقریشی اور اویس قریشی سے ان کے والد اور بھائی کے قتل پرتعزیت کی۔ انھوں نے مرحومین کے ایصال ثواب کیلیے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر صغیر احمد بھی موجودتھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔