بیٹنگ مسائل کا حل تلاش کرنے کیلیے ٹیم فکرمند

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 23 نومبر 2018
آرتھر نے اعتماد کی بحالی کیلیے لیکچر دیا،کیوی کرکٹرزنے بھرپور مشقیں جاری رکھیں۔ فوٹو: فائل

آرتھر نے اعتماد کی بحالی کیلیے لیکچر دیا،کیوی کرکٹرزنے بھرپور مشقیں جاری رکھیں۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  پہلے ٹیسٹ کی شکست خوردہ پاکستان ٹیم بیٹنگ مسائل کا حل تلاش کرنے کیلیے فکرمند ہے۔

ابوظبی ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم جیتی بازی ہارگئی تھی، اب وہ دبئی میں شیڈول دوسرے میچ میں سیریز بچانے کی فکرمندی کے ساتھ میدان میں اترے گی،گزشتہ روزکھلاڑیوں کا اعتماد بحال کرنے کیلیے مکی آرتھر نے لیکچر دیا۔ انھوں نے پہلے میچ کی شکست کو بھول کر نئے چیلنج کا نئے حوصلے کے ساتھ سامنا کرنے کا سبق پڑھایا۔

نیٹ میں محمد حفیظ، امام الحق اور اظہر علی نے تیز اور باؤنسی گیندوں پر خامیاں درست کرنے کیلیے طویل سیشن کیا، محمد عباس، فہیم اشرف اور حسن علی کی جانب سے تسلسل کے ساتھ اسٹمپ سے باہر جاتی گیندیں بھی کرائی گئیں۔

اسپنرز یاسر شاہ اور بلال آصف کی گھومتی گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اسٹروکس کھیلنے کی مشق جاری رہی، بابر اعظم بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے، کپتان سرفراز احمد نے پیسرز کے بعد اسپنرز  کی گیندوں پر اپنے اسٹروکس چیک کیے۔

دوسری جانب پہلی فتح کا اعتماد لیے کیوی کرکٹرز نے بھی بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا، مہمان ٹیم نے فیلڈنگ کے بعد بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کرتے ہوئے صلاحیتیں نکھاریں، سب سے زیادہ طویل اسپیل پاکستانی بیٹنگ لائن کو پریشان کرنے والے اعجاز پٹیل نے کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔