پٹرولیم گروپ کی درآمدات میں13.81 فیصداضافہ

بزنس ڈیسک  اتوار 19 اگست 2012
 گزشتہ ماہ1ارب35کروڑ،جولائی2011میں1ارب19کروڑڈالرکی امپورٹ ہوئی تھی  (فوٹو : فائل)

گزشتہ ماہ1ارب35کروڑ،جولائی2011میں1ارب19کروڑڈالرکی امپورٹ ہوئی تھی (فوٹو : فائل)

کراچی: پٹرولیم گروپ کی درآمدات جولائی میں 13.81 فیصد کے اضافے سے 1 ارب 35کروڑ12لاکھ 70ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔ یاد رہے کہ جولائی2011 میں پاکستان نے 1ارب 18کروڑ 73 لاکھ 10ہزار ڈالر خام تیل و پٹرولیم مصنوعات درآمدات کی تھیں۔ پاکستان بیوروشماریات کے مطابق گزشتہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات 24.24 فیصد کے اضافے سے 98 کروڑ 79 لاکھ 96 ہزار ڈالر رہیں جبکہ خام تیل کی درآمدات 7.35 فیصد کمی سے36 کروڑ 32 لاکھ 74ہزار ڈالر رہیں۔

جولائی2011 میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات 79 کروڑ 52لاکھ19ہزار اور خام تیل کی درآمدات 39کروڑ 20 لاکھ 91 ہزار ڈالر رہی تھیں، جون کے مقابل جولائی2012 میں پٹرولیم گروپ کی درآمدات 3.14 فیصد بڑھیں جن میں سے پٹرولیم منصوعات کی درآمدات میں 6.86 فیصد اضافہ ہوا جبکہ خام تیل کی درآمدات 5.78 فیصد گر گئیں، جون 2012 میں پٹرولیم گروپ کی درآمدات 1ارب 31کروڑ98ہزار ڈالر، پٹرولیم مصنوعات کی 92 کروڑ 45لاکھ49ہزار ڈالر اور خام تیل کی درآمدات 38کروڑ 55 لاکھ 49ہزار ڈالر رہی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔