سانحہ نانگا پربت، آئی جی گلگت بلتستان کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فکشن جاری

ویب ڈیسک  جمعرات 27 جون 2013
وزیراعظم نواز شریف کی منظوری کے بعد آئی جی گلگت بلتستان عثمان زکریا کی برطرفی کا نوٹی فکشن جاری کیا گیا۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

وزیراعظم نواز شریف کی منظوری کے بعد آئی جی گلگت بلتستان عثمان زکریا کی برطرفی کا نوٹی فکشن جاری کیا گیا۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

اسلام آباد: سانحہ نانگا پربت پر آئی جی گلگت بلتستان عثمان زکریا کوعہدے سے ہٹانے کا نوٹی فکشن جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے گلگت بلتستان میں بیس کیمپ میں 10 غیرملکی سیاحوں سمیت 11افراد کے قتل کے بعد قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے چیف سیکریٹری  گلگت بلتستان اورآئی جی عثمان زکریا کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جس کے بعد آج وزیراعظم نواز شریف کی منظوری کے بعد آئی جی گلگت بلتستان کی برطرفی کا نوٹی فکشن جاری کردیا گیا اور انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 10 غیرملکی سیاحوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا، ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے آئی جی گلگت بلتستان کودہشت گردی کےخدشات سے آگاہ کردیا گیا تھا لیکن سیکیورٹی اداروں کی پیشگی اطلاع کے باوجود کوہ پیماؤں کی حفاظت کے لئے خاطر خواہ اقداما ت نہ کرنے پر عثمان زکریا کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کئے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔